انٹر نیشنل

27 ویں شب: مسجد الحرام، مسجد نبوی اور اطراف کی سڑکیں نمازیوں سے بھر گئیں

ریاض ۔ کے این واصف

 مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں تقریبا 25 لاکھ افراد نے رمضان کی 27 ویں شب کو عشا اور تراویح ادا کی ہے۔ سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں بڑی تعداد میں افراد عشا اور تراویح ادا کرنے کے لیے پہلے سے پہنچنے لگے تھے۔

دونوں مساجد کی تمام منزلیں، دالان، تہ خانے، چھتیں اور اطراف کے علاقے نمازیوں سے بھر گئے۔نماز ادا کرنے والوں میں سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور زائرین شامل تھے۔حرمین شریفین کی انتظامیہ نے 27 ویں شب کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے تھے تاکہ زائرین کو ذکر، عبادت اور نماز میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

الاخباریہ چینل نے 27 ویں شب کے موقع پر مسجد الحرام میں تراویح کے براہ راست مناظر نشر کیے۔ جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسجد الحرام کے اطراف کی سڑکیں، تجارتی مراکز اور ہوٹلوں کی راہداریاں اور علاقے نمازیوں سے بھرے ہوئے تھے۔ بتایا گیا مطاف میں دو لاکھ سے زیادہ آب زمزم کی بوتلیں، صفا اور مروہ کے درمیان تحائف کے دو سو بیگ تقسیم کیے گئے‘۔ معمر اور معذورزائرین کے لیے تین ہزار الیکٹرانک ویل چیئرز فراہم کی گئی تھیں۔ ویل چیئر کے ذریعے داخلے کے چار دروازے مختص تھے‘۔

متعلقہ خبریں

Back to top button