سڑک پر ملا قیمتی سام سنگ ٹیاب – چھٹی جماعت کے طالب علم نعمان پاشاہ نے جو کام کیا وہ سب کے لئے مثال بن گیا!
تلنگانہ کے کریم نگر ضلع کے حضورآباد منڈل کے چیلپور گاؤں سے تعلق رکھنے والے چھٹی جماعت کے طالب علم نے اپنی ایمانداری سے سب کا دل جیت لیا۔ سڑک پر ملا قیمتی سام سنگ گلیکسی ٹیاب اپنے پاس رکھنے کے بجائے طالب علم نے اسے پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیلپور گاؤں کے جعفر پاشاہ کا بیٹا نعمان پاشاہ مقامی سرکاری اسکول میں چھٹی جماعت میں زیر تعلیم ہے۔ جمعرات کو اسے گاوں کی مرکزی سڑک پر ایک قیمتی سام سنگ گلیکسی ٹیاب ملا۔ ٹیاب ملنے کے بعد وہ اسے اپنے پاس رکھ سکتا تھا،
لیکن نعمان نے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً اپنے والد کو اطلاع دی اور والد کے ساتھ مل کر حُضورآباد پولیس اسٹیٹس پہنچ کر سرکل انسپکٹر کروناکر سے ملاقات کی اور ٹیاب ان کے حوالے کردیا۔
طالب علم کی ایمانداری سے متاثر سرکل انسپکٹر کروناکر نے نعمان پاشا کی کافی ستائش کی اور کہا کہ اس نے نہ صرف اپنی عمر کے بچوں بلکہ تمام لوگوں کے لئے ایک بہترین مثال قائم کی ہے۔ پولیس کے مطابق ٹیاب کے مالک مناسب ثبوت کے ساتھ حُضورآباد پولیس اسٹیشن سے رجوع کرکے اپنا سامان حاصل کرسکتے ہیں۔




