جہیز میں تھار گاڑی مانگنے والوں کو دلہن کے والد نے کھلونا گاڑی تھما دی – کیمرے کے سامنے رشتہ ختم کردیا
میرٹھ: اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں جہیز کے مطالبہ پر شادی کا رشتہ ختم کرنے کا ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں دولہے کے خاندان کی جانب سے مہنگی تھار گاڑی کا مطالبہ کئے جانے پر دلہن کے والد نے انہیں اصل گاڑی کے بجائے پلاسٹک کی کھلونا تھار گاڑی تھما دی اور کیمرے کے سامنے شادی منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ اس واقعہ کی تقریباً ڈیڑھ منٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور جہیز کے خلاف دلہن کے خاندان کے اقدام کی بڑے پیمانے پر ستائش کی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ میرٹھ کے بھاون پور پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع گاؤں گیان پور اور پرتاپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع گاؤں سولانا سے متعلق ہے۔ گیان پور کے رہنے والے شمشیر کے دو بیٹوں مہتاب اور زید کی شادی سولانا کے رہنے والے زبیر کی دو بیٹیوں سے طے ہوئی تھی۔ دونوں خاندانوں کے درمیان تقریباً پانچ ماہ قبل رشتے طے پائے تھے۔
رپورٹس کے مطابق منگنی کے موقع پر لڑکی والوں نے اپنی استطاعت کے مطابق جہیز کا سامان اور ایک لاکھ روپے بھی دیئے تھے۔ تاہم بعد میں دولہے کے خاندان کی جانب سے شادی میں تھار گاڑی دینے کا مطالبہ کئے جانے کا الزام سامنے آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکی کے والد ببّر نے تقریباً ایک ماہ قبل اپنی کچھ زمین فروخت کی تھی، جس کی اطلاع دولہے کے خاندان کو ملی۔ اس کے بعد گاڑی کا مطالبہ کیا جانے لگا۔ لڑکی کے والد نے اپنی مالی استطاعت کا حوالہ دیتے ہوئے اتنی مہنگی گاڑی دینے سے معذوری ظاہر کی، لیکن لڑکے والوں کے مطالبہ پر اصرار کرنے کا الزام ہے۔
اس معاملے پر احتجاج کے طور پر لڑکی کے والد نے دولہے کے خاندان کو شادی سے قبل ہونے والی روایتی رسم لال خط کے بہانے ہفتہ کے روز اپنے گھر مدعو کیا۔ اس رسم میں شادی کی تاریخ اور دیگر تفصیلات پر مشتمل دعوت نامہ دولہے کے خاندان کو دیا جاتا ہے۔ دولہے کے والد شمشیر اپنے رشتہ داروں کے ساتھ صبح ہی سولانا پہنچ گئے۔ دلہن کے گھر والوں نے ان کی خوب خاطر تواضع کی اور انہیں صبح سے رات تقریباً 10 بجے تک انتظار کروایا۔
اس کے بعد بازار سے پلاسٹک کی کھلونا تھار گاڑی منگوائی گئی اور دولہے کے والد کو کیمرے کے سامنے پیش کردی گئی۔ اس موقع پر دلہن کے والد بنے کہا کہ آپ کو انسان کی نہیں بلکہ گاڑی کی ضرورت تھی، اس لئے ہم نے آپ کو تھار دے دی ہے۔ اسے لے جائیے اور خوش رہیے، آپ اپنے گھر اور ہم اپنے گھر۔ انہوں نے واضح کردیا کہ اب یہ شادی نہیں ہوگی اور منگنی بھی ختم کردی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دلہن کے خاندان نے منگنی کے موقع پر دیا گیا سامان اور رقم بھی واپس لے لی۔ ویڈیو میں دلہن کے والد دولہے کے خاندان کو گاڑی کا مطالبہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کھلونا گاڑی ملنے پر شمشیر نے اسے پھینک دیا اور وہاں سے روانہ ہوگئے۔
اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلہن کے خاندان کے اقدام کو جہیز کے لالچ کے خلاف ایک مضبوط پیغام قرار دیا ہے۔ تاہم اس معاملے میں پولیس میں شکایت یا کسی قانونی کارروائی کی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔




