اسپشل اسٹوری

الجزائر سے ہندوستان تک پہنچ گئی رجال الفجر تحریک – نمازِ فجر کیلئے مساجد کا رخ کرنے والے بچوں کی ویڈیوز وائرل

الجزائر سے ہندوستان تک پہنچ گئی رجال الفجر تحریک، نمازِ فجر کیلئے مساجد کا رخ کرنے والے بچوں کی ویڈیوز وائرل

 

الجزائر سے شروع ہونے والی ’رجال الفجر‘ (مردانِ فجر) کی منفرد تحریک اب ہندوستان تک پہنچ گئی ہے، جہاں بچوں اور نوجوانوں کو نمازِ فجر باجماعت ادا کرنے اور مساجد سے اپنا تعلق مضبوط بنانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ ہندوستان میں اس مہم سے متعلق ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہورہی ہیں اور ہزاروں افراد ان مناظر کو پسند کرنے کے ساتھ دوسروں تک بھی پہنچارہے ہیں۔

 

رپورٹ کے مطابق یہ تحریک الجزائر سے شروع ہوکر اردن، مراکش، مصر سمیت متعدد ممالک تک پہنچی اور اب ہندوستان، ترکی اور ایتھوپیا میں بھی اس کے اثرات دیکھے جارہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بچوں اور نوجوانوں کو علی الصباح مساجد کی جانب جاتے، نمازِ فجر باجماعت ادا کرتے اور نماز کے بعد مسجد کے صحنوں میں جمع ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

 

ہندوستان میں اس مہم کو نمایاں کرنے والوں میں محمد رافع الہندی بھی شامل ہیں، جنہوں نے اپنے سوشل میڈٰیا اکاؤنٹ پر ’رجال الفجر فی الہند‘ کے عنوان سے ویڈیوز شیئر کی ہیں۔ ان کی  ویڈیو میں اس تحریک کے ہندوستان پہنچنے کا اعلان کیا گیا، جبکہ 27 نومبر کو شیئر کی گئی ایک اور ویڈیو نے غیر معمولی توجہ حاصل کی۔ اس ویڈیو کو تقریباً 89 ہزار مرتبہ دیکھا گیا اور 21 ہزار سے زائد افراد نے پسند کیا، جبکہ سیکڑوں صارفین نے اسے دوسروں تک پہنچایا۔ 28 نومبر کو بھی اس سلسلے کی ایک نئی ویڈیو شیئر کی گئی۔

 

اس مہم کا بنیادی مقصد نئی نسل میں نماز کی پابندی کا شوق پیدا کرنا، بچوں کو کم عمری ہی سے مساجد سے جوڑنا اور نمازِ فجر کو ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ مختلف ممالک میں اس مہم کے طریقۂ کار اور سرگرمیاں الگ الگ ہیں، تاہم بنیادی پیغام ایک ہی ہے کہ بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت میں نماز اور مسجد کے کردار کو مضبوط بنایا جائے۔

 

الجزائر میں شروع ہونے والی اس تحریک کے تحت بعض مقامات پر بچوں کو مسلسل 40 دن نمازِ فجر مسجد میں ادا کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ اس مقصد کیلئے ناشتے، انعامات، کھیلوں اور اجتماعی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے تاکہ بچوں میں نماز کی پابندی کا شوق پیدا ہو اور وہ اسے خوشی کے ساتھ اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

 

اس تحریک کو مذہبی حلقوں میں بھی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ سلطنت عمان کے مفتیٔ اعظم شیخ احمد بن حمد الخلیلی نے بچوں اور نوجوانوں کی نمازِ فجر میں باجماعت شرکت کے مناظر پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے امت مسلمہ کیلئے خیر کی بشارت قرار دیا اور والدین، اساتذہ اور منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔ عالمی اتحاد برائے علماء مسلمین نے بھی اس مہم کی ستائش کرتے ہوئے اس کے تجربے کو دیگر مسلم معاشروں میں عام کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

ہندوستان میں اس تحریک کی مقبولیت کے باوجود ابھی تک مختلف ریاستوں میں اس کے تحت منعقد ہونے والے اجتماعات، شریک مساجد اور بچوں کی تعداد کے بارے میں تفصیلی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر ہندوستان سے متعلق ویڈیوز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے اس مہم کو ملک کے مسلمانوں کے درمیان بھی توجہ کا مرکز بنادیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button