کاماریڈی میں کسان سیلاب میں ہلاک، اے ایس آئی جانی باشا کی انسانی ہمدردی کو خراجِ تحسین

کاماریڈی میں کسان سیلاب میں ہلاک، اے ایس آئی جانی باشا کی انسانی ہمدردی کو خراجِ تحسین
تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع کے دومکونڈہ میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جہاں 42 سالہ کسان بال راجو گنیش تہوار کے لیے سامان لاتے ہوئے مقامی ندی کے تیز بہاؤ میں بہہ کر ہلاک ہوگیا۔
دو دن کی مسلسل تلاش کے بعد اس کی نعش گاؤں سے تقریباً دو کلومیٹر دور ایک کھیت میں کیچڑ کے درمیان ملی۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ اور دو کمسن بیٹے شامل ہیں۔ اس سانحہ پر گاؤں بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
اہم بات یہ رہی کہ دومکونڈہ پولیس اسٹیشن کے اے ایس آئی شیخ جانی باشا نے مقامی نوجوانوں کے ساتھ مل کر نعش کو کھیتوں اور کیچڑ بھری زمین کے درمیان تقریباً ڈھائی کلومیٹر تک کندھوں پر اٹھا کر سڑک تک پہنچایا۔ اس غیر معمولی انسانی ہمدردی پر نہ صرف گاؤں کے عوام نے ان کی ستائش کی بلکہ سوشیل میڈیا پر بھی شیخ جانی باشا کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔ صارفین نے انہیں ’’عوامی خدمت گزار پولیس عہدیدار‘ قرار دیتے ہوئے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقامی عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مرحوم کسان کے خاندان کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ پسماندہ کنبہ کی کفالت ممکن ہو سکے۔