اسپشل اسٹوری

اب بولنے سے چلے گا جی میل! گوگل کا نیا اے آئی فیچر، ٹائپنگ سے مل گئی چھٹی

گوگل نے جی میل میں جدید اے آئی فیچرز متعارف کرائے ہیں۔ اب صارفین صرف آواز کے ذریعے جی میل، ڈاکس اور کیپ جیسی گوگل ایپس استعمال کرسکیں گے۔ یعنی کچھ بھی ٹائپ کئے بغیر ای میل تلاش کرنے، دستاویز تیار کرنے اور نوٹس لکھنے جیسے کام آسانی سے کئے جاسکیں گے۔ یہ سہولت گوگل کے جیمِنی اے آئی کے ذریعہ ممکن ہوئی ہے۔

 

گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ جیمِنی کے نئے وائس فیچرز صارفین کے لیے کافی کارآمد ثابت ہوں گے۔ یہ ان باکس میں موجود ای میلز تلاش کرنے سمیت کئی کام اے آئی سبسکرائبرس کے لئے آسان بنادیں گے۔

 

ان فیچرس میں گوگل لائیو خاص طور پر مفید ہے۔ اس کے ذریعے ان باکس میں موجود سیکڑوں ای میلز میں مطلوبہ معلومات فوری تلاش کی جاسکتی ہیں۔ مثال کے طور پر اگر کسی انٹرویو سے متعلق معلومات درکار ہوں تو الگ الگ ای میل چیک کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ صارف صرف آواز کے ذریعہ پوچھ سکتا ہے کہ انٹرویو کس تاریخ کو ہے یا اس کا مقام کیا ہے، جیمِنی ای میل پڑھ کر مطلوبہ معلومات فراہم کردے گا۔

 

اسی طرح ڈاکس لائیو کے ذریعہ صارف بول کر کسی بھی قسم کی دستاویز تیار کرسکتا ہے، جبکہ کیپ لائیو فیچر کے ذریعے آواز سے نوٹس بھی لکھے جاسکتے ہیں۔

 

تاہم یہ تمام فیچرز فی الحال ہر صارف کے لئے دستیاب نہیں ہیں۔ صرف گوگل اے آئی کے سبسکرائبرس ہی ان سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button