حیدرآباد کے جے این ٹی یو ہاسٹل میں رات ڈھائی بجے طلبہ میں تصادم، 8 حراست میں، 3 فرار
حیدرآباد کی جواہر لال نہرو تکنیکی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں طلبہ کے دو گروپوں کے درمیان تصادم کے معاملے میں پولیس نے 8 طلبہ کو حراست میں لے لیا، جبکہ 3 دیگر کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
کوکٹ پلی کے پولیس ڈپٹی کمشنر رِتی راج کے مطابق جمعرات کی رات پہلے معمولی جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا تھا۔ تاہم رات تقریباً ڈھائی بجے دونوں گروپ دوبارہ آمنے سامنے آگئے اور تصادم ہوگیا، جس میں ایک طالب علم زخمی ہوا۔
پولیس کے مطابق تنازع ایک لڑکی سے متعلق معاملے پر شروع ہوا تھا، جو بعد میں گوتامی اور منجیرا ہاسٹل کے طلبہ کے درمیان جھگڑے میں تبدیل ہوگیا۔ ایک طالب علم نشے کی حالت میں بھی پایا گیا۔
پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ شراب ہاسٹل کے باہر پی گئی تھی یا ہاسٹل کے اندر۔
حراست میں لئے گئے طلبہ سے پوچھ تاچھ جاری ہے، جبکہ فرار ہونے والے 3 طلبہ کی تلاش کی جارہی ہے۔ پولیس واقعے کی اصل وجہ اور دیگر طلبہ کے کردار کا بھی پتہ لگارہی ہے۔



