اسپشل اسٹوری

گجرات اسمبلی انتخابات میں صرف ایک مسلم امیدوار کامیاب

احمدآباد _ 9 دسمبر ( اردولیکس)  اس بار گجرات اسمبلی انتخابات میں صرف ایک مسلم امیدوار جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ احمد آباد شہر کی جمال پور-کھڈیا حلقہ سے کانگریس کے امیدوار عمران کھیڑا والا جیت گئے ہیں، جبکہ احمد آباد کی دریا پور حلقہ سے کانگریس کے امیدوار غیاث الدین شیخ اور موربی ضلع کی وینکانیر حلقہ سے محمد پیرزادہ کو شکست ہوئی ہے۔ شیخ غیاث الدین اور محمد پیرزادہ تین تین بار ایم ایل اے رہے۔ اس بار کانگریس نے پانچ مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا۔ دو دیگر امیدوار اسلم سائیکل والا اور جٹ ممد جنگ (عبداسہ) کو  بھی  شکست ہوئی ۔

 

2017 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے تین امیدوار جمال پور-کھڑیا سے عمران کھیڑا والا، دریا پور سے غیاث الدین شیخ اور وانکانیر سے محمد پیرزادہ نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ جمال پور کھڈیا حلقہ سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMAIM) کے امیدوار صابر کابلی والا امیدوار تھے، تاہم کابلی والا زیادہ اثر نہیں دکھا سکے۔ انہیں صرف 15,677 ووٹ ملے۔

 

گجرات میں 1980 سے 2017 تک ہوئے اسمبلی انتخابات میں 39 مسلم  ایم ایل اے جیت کر اسمبلی پہنچے۔ 25 برسوں میں کانگریس نے 70 مسلم امیدوار کھڑے کیے جن میں سے 39 امیدوار کامیاب ہوئے۔ حالانکہ بی جے پی نے 24 سال پہلے 1998 میں ایک بار واگرا حلقہ سے عبدالغنی قریشی کو میدان میں اتارا تھا، وہاں سے کانگریس کے امیدوار اقبال پٹیل نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اب تک سب سے زیادہ 12 ایم ایل اے 1980 میں اسمبلی پہنچے تھے۔ سال 1985 میں  8 امیدوار، سال 1990 میں 2، سال 1995 میں ایک، سال 1998 میں پانچ، 2002 میں 3، سال 2007، 2012 اور 2017 میں 3-3 امیدوار کامیاب ہوئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button