اسپشل اسٹوری

دہلی ہوٹل آتشزدگی: 21 جانیں بچانے میں مدد کرنے والے دکاندار کو جماعتِ اسلامی ہند کی جانب سے ایک لاکھ روپے کا انعام

نئی دہلی: دہلی کے مالویہ نگر میں واقع ایک ہوٹل میں پیش آئے ہولناک آتشزدگی کے واقعے میں 21 افراد کی ہلاکت کے بعد جماعتِ اسلامی ہند، دہلی کے ایک وفد نے جائے حادثہ کا دورہ کرکے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا اور امدادی کاموں میں نمایاں کردار ادا کرنے والے مقامی افراد کی خدمات کو سراہا۔

 

وفد کی قیادت جماعتِ اسلامی ہند دہلی کے امیرِ حلقہ محمد سلیم اللہ خان نے کی۔ وفد میں کمال احمد، ثاقب یٰسین، ساجد عمیر اور محمد نوشاد خان بھی شامل تھے۔

 

اس موقع پر وفد نے حوض رانی کے رہائشی ریاض الدین منصوری سے ملاقات کی، جنہوں نے فائر حادثے کے دوران انسانی ہمدردی کی ایک مثال قائم کرتے ہوئے کئی افراد کی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ جماعتِ اسلامی ہند دہلی نے ان کی جرات مندانہ اور انسان دوست خدمات کے اعتراف میں انہیں ایک لاکھ روپے کا خصوصی اعزاز پیش کیا۔

 

عینی شاہدین کے مطابق جب ہوٹل میں آگ بھڑک اٹھی اور دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا تو اندر پھنسے افراد کھڑکیوں اور چھتوں سے مدد کے لیے پکارنے لگے۔ اس موقع پر ریاض الدین منصوری نے فوری طور پر اپنی دکان سے گدے لا کر عمارت کے نیچے سڑک پر بچھا دیے تاکہ پھنسے ہوئے لوگ چھلانگ لگا کر اپنی جان بچا سکیں۔

 

انہوں نے اپنے اہلِ خانہ اور مقامی لوگوں کی مدد سے کئی افراد کو محفوظ مقام تک پہنچانے میں مدد دی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران انہوں نے تقریباً دو لاکھ روپے مالیت کے گدے استعمال کئے، مگر مالی نقصان کی پروا نہیں کی۔

 

محمد سلیم اللہ خان نے کہا کہ ریاض الدین منصوری کا اقدام انسانیت، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت کی گھڑی میں مذہب، ذات اور برادری کی تفریق ختم ہو جاتی ہے اور انسانیت ہی انسان کی اصل پہچان بن جاتی ہے۔

 

وفد کے ارکان نے کہا کہ ریاض الدین منصوری کی جرات اور ایثار نہ صرف قابلِ ستائش ہے بلکہ ایسے اقدامات معاشرے میں اعتماد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا یہ عمل آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا اور انسان دوستی کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button