جنرل نیوز

طب اور تدریس معزز پیشے۔ڈان اسکول میں ہیلت کیمپ سے ڈاکٹرس اور ماہرین کا خطاب

حیدرآباد۔ 19 نومبر (پریس نوٹ) پیشہ طب، پیشہ تدریس کی طرح انتہائی معزز پیشہ ہے اور طب کے شعبہ میں آنے والے پیشہ ور افراد کو انسانیت کی خدمت کا بہترین موقع حاصل ہوتا ہے۔ ممتاز آرتھوپیڈک ڈاکٹر جواد زار خان نے ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں طلبہ کے لئے ایک ہیلت کیمپ کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انھوں نے اسکول کی کئی طالبات کی جانب سے مستقبل میں پیشہ طب سے وابستہ ہونے کے رجحان اور خواہش پر مسرت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر طالبات کے سامنے کسی بھی سانحہ کی صورت میں مریضوں کو چند اہم منٹس کے دوران بحال کرنے کی عملی تربیت دی گئی۔ اس سلسلے میں ماہر امراض تنفس ڈاکٹر کرشنا کارتک نے عملی پریزنٹیشن دیا۔ انھوں نے بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے، نبض ڈوبنے، دم گھٹنے یا غرقابی کی صورت میں اس تکنیک استعمال کرتے ہوئے مریضوں کی زندگی بچائی جاسکتی ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے طالبات کو بتایا کہ کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر انس احمد انصاری نے تغذیہ بخش غذا استعمال کے موضوع پر اپنے خطاب میں بتایا کہ انھیں کبھی ایک ساتھ ترکاری اور میوے کا استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ انھوں نے صحت مند غذا استعمال کرنے کا مشورہ دیا اور اس سلسلے میں رہنمائی کی۔ ماہر ذیابطیس ڈاکٹر غوث محی الدین نے ذیابطیس سے تحفظ کے لئے مشورے دیئے۔ انھوں نے رات کے وقت کھانے بالخصوص بیک وقت کئی قسم کے گوشت کھانے کے خلاف طالبات و ٹیچرس کو متنبہ کیا اور صحت مند طرززندگی اختیار کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے حیدرآباد کی دعوتوں میں رات دیر گئے مرغن غذاؤں سے پرہیز کا عہد لیا۔ اس موقع پر طالبات نے ماہر ڈاکٹرس سے دلچسپ سوالات کئے جن کے تشفی بخش جوابات دئیے گئے۔ اس ہیلت کیمپ کے اہتمام کے لئے صدرنشین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس جناب فضل الرحمن خرم نے جرمنٹین ہاسپٹل کے بانی و منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر جواد زار خان اور ان کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔

ممتاز ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے کیمپ کے اہتمام پر مسرت کا اظہار کیا اور اپنے صدارتی خطاب میں ہاسپٹل انتظامیہ اور اسکول مینجمنٹ کی ستائش کی۔ طالبات نے تہذیبی پروگرامس بھی پیش کئے۔ مس آشکار مہوش اور میوزک ٹیچر گارڈن سر نے انتظامات کی نگرانی کی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button