پیدائش کے ساتھ ہی نومولود کا شاہانہ انداز – سر کے پیچھے دونوں ہاتھ اور ٹانگ پر ٹانگ
قاہرہ: مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیدا ہونے والے ایک نومولود بچے کی غیر معمولی انداز میں آرام کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ بچے کے انداز نے لاکھوں لوگوں کو محظوظ کیا ہے اور صارفین دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔
ویڈیو میں نومولود بچہ پیدائش کے چند گھنٹوں بعد انتہائی پرسکون انداز میں لیٹا دکھائی دے رہا ہے۔ اس نے اپنے دونوں ہاتھ سر کے پیچھے رکھے ہوئے ہیں، جبکہ اس کی ٹانگیں ایک دوسرے پر چڑھی ہوئی ہیں۔ بچے کا یہ انداز ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے وہ دنیا کی تمام فکروں سے بے نیاز ہوکر آرام کررہا ہو۔
قاہرہ کے ماہرِ اطفال اور نومولود بچوں کے ماہر ڈاکٹر اسلام الدح (Islam Eldeh) نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ انہوں نے بچے کے اس منفرد انداز کو ’’شاہانہ انداز‘‘ (رائل پوز) قرار دیا، جس کے بعد یہ ویڈیو تیزی سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ اطلاعات کے مطابق ویڈیو کو تقریباً 30 لاکھ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔
ویڈیو دیکھنے والے صارفین بچے کے پُرسکون انداز پر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ بچے نے دنیا میں قدم رکھتے ہی زندگی کو پُرسکون انداز میں گزارنے کا طریقہ سیکھ لیا ہے، جبکہ کچھ نے اسے بادشاہ کی طرح آرام کرتے ہوئے نومولود قرار دیا۔
تاہم ماہرین کے مطابق نومولود بچوں کے چہرے کے تاثرات یا جسمانی انداز سے ان کی سوچ اور شخصیت کے بارے میں کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے باوجود بچے کی یہ معصومانہ اور غیر معمولی ادا سوشل میڈیا صارفین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر رہی ہے۔



