جنرل نیوز

“بزم طرفہ” کا سالانہ کل ہند مشاعرہ و رسم اجرا “افسانہ نما” کا کامیاب انعقاد

کڑپہ، (اے پی) محمود شاہد

“بزم طرفہ ناگپو” کا انیسواں سالانہ غیر طرحی کل ہند مشاعرہ 17/ فروری 2024 کو احباب کمیونٹی ہال اننت نگر چوک ناگ پور انعقاد عمل میں آیا۔ مشاعرے کی صدارت عالی جناب قاضی سعید افسر اچلپوری نے کی جبکہ مولانا امیر الدین ملک صاحب پیشواےء جماعت مہدی باغ، ڈاکٹر شرف الدین ساحل، جناب نجیب احمد نجیب اور جناب ڈاکٹر ساگر کھادی والا بحیثیت مہمانان خصوصی شریک رہے۔ واضح رہے کہ یہ مشاعرہ ہر سال پابندی کے ساتھ بیاد ضمیر الشعرا امین الفن ابوالمختار حضرت طرفہ قریشی کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے۔

 

اس موقع پر خالص افسانچوں پر مشتمل بر صغیر کے پہلے رسالے افسانہ نما کے تیسرے شمارے کا رسم اجرا بدست مولانا امیر الدین ملک پیشوا جماعت مہدی باغ عمل میں آیا۔ رسالے کے مدیرِ محمود شاہد نے بزم طرفہ کے ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ریاست مہاراشٹرا سے ان کا ایک تعلق خاص رہا ہے ۔انہوں نے بحیثیت صحافی اپنی پیشہ وارانہ زندگی کا آغاز بھی بمبئی سے کیا تھا۔ یہ حسن اتفاق ہے کہ رسالے کی اشاعت ناگ پور سے ہو رہی ہےاور پہلے اور تیسرے شما رے کے رسم اجرا کی تقریب اورنگ آباد اور ناگ پور میں انجام پائی۔

 

جناب غلام السیدین ربانی سابق ڈایرکٹر آثار قدیمہ ہند نے رسالہ افسانہ نما اور مدیر افسانہ نما کا تعارف کراتے ہوےء کہا کہ جناب محمود شاہد نے رسالہ افسانہ نما جاری کر کے صنف افسانچہ کو جو عہد حاضر کی جدید صنف ہے، فروغ دینے میں اہم رول ادا کیا ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ افسانہ نما میں بیشتر لکھنے والوں کا تعلق مہاراشٹرا سے ہے اور ناگپور سے تعلق رکھنے والے افسانچہ نگاروں کی تخلیقات بھی اس رسالے میں شامل اشاعت ہیں۔ طرفہ قریشی کے شاگرد اور ملک گیر شہرت کے حامل پلے بیک سنگر جناب عبدالقادر نے حضرت طرفہ قریشی کی غزل اپنی خوب صورت آواز میں پیش کی اور سامعین سے بھرپور داد حاصل کی۔

 

کنوینر مشاعرہ جناب مشتاق احسن (فرزند حضرت طرفہ قریشی ) نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور کہا کہ اس کامیاب مشاعرے کے انعقاد میں آپ تمام کی محبتیں شامل حال ہیں۔ اس مشاعرے میں بیرونی شعرائے کرام محمود شاہد (مدیر افسانہ نما کڑپہ)، نجیب احمد نجیب، احسان بھنڈاروی، انیس احمد شوق شیگانوی و متین ناندوروی نے اپنا منتخب کلام پیش کیا جبکہ مقامی شعرا میں حمید دانش، ڈاکٹر کلیم ناگ پوری، ڈاکٹر زینت اللہ جاوید، ڈاکٹر خواجہ غلام السیدین ربانی، خواجہ ساجد ربانی، صمد قیصر، ریاض کامل، عابد حسین عابد، ڈاکٹر ندیم خان، مشتاق احسن، شیخ عبدالوحید، جناب وسیم جمالی مولانا شاکرالاکرم فلاحی، سراج الحسن حسن کے علاوہ شاداب انجم نے اپنا منتخب کلام پیش کیا۔ حیدرآباد کے مقبول مزاحیہ شاعر نجیب احمد نجیب نے اپنے مزاحیہ کلام سے مشاعرہ لوٹ لیا۔ خواجہ ساجد ربانی نے اپنے منفرد انداز میں نظامت کے فرائض انجام دئیے۔

 

آخر میں جناب مشتاق احسن نے صدر ذی وقار، شعرائے کرام و سامعین کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ہر سال آپ تمام کا تعاون اسی طرح حاصل رہے گا۔ صبح کے تین بجے تک یہ مشاعرہ پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رہا۔ آخر میں کنوینر مشاعرے کے ہدئہُ تشکر پر یہ خوش گوار محفل کا اختتام عمل میں آیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button