ہیلت

ڈان اسکول میں کورونا ویکسنیشن کیمپ کا کامیاب انعقاد

حیدرآباد: ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں 10 اور 12 اگست کو دو روزہ کوویڈ۔19 ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد ہوا جس پر عوام نے زبردست ردعمل کا اظہار کیا اور سینکڑوں افراد نے ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز سے استفادہ کیا۔ رکن اسمبلی ملک پیٹ جناب احمد بلعلہ کی نمائندگی پر اس ویکسینیشن کیمپ کا انعقاد ممکن ہوسکا۔ کارپوریٹر چھاؤنی ڈیویژن جناب عبدالسلام شاہد نے اسکول انتظامیہ اور محکمہ صحت کے عہدہ داروں سے کیمپ کے اہتمام کے سلسلہ میں تعاون کیا۔ چیرمین ڈان گروپ آف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس جناب فضل الرحمن خرم نے بتایا کہ اس کیمپ کے انعقاد پر اساتذہ، اولیائے طلبہ، اہلیان محلہ اور دیگر افراد نے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور سینکڑوں کی تعداد میں انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ کورونا وائرس کے خلاف قوت مدافعت حاصل کرنے کے لئے کووی شیلڈ ویکسین کے ڈوزس لئے۔ جناب فضل الرحمن خرم نے کیمپ کے اہتمام کے لئے جناب احمد بلعلہ، جناب عبدالسلام شاہد اور ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر برجس النساء کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے اس کیمپ کی اطلاع کی اشاعت کے لئے میڈیا سے بھی اظہارتشکر کیا۔ کیمپ کے پہلے دن 10 اگست بروز منگل ایک مختصر افتتاحی تقریب ہوئی جس میں ڈاکٹر برجس النساء اور متعلقہ کارپوریٹر جناب عبدالسلام شاہد کو تہنیت پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر برجس النساء، جناب عبدالسلام شاہد، جناب فضل الرحمن خرم اور دیگر مہمانوں نے ٹیکہ اندازی کی اہمیت پر زور دیا اور اس بات کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ اس طرح کی کوششوں کے ذریعہ جلد سے جلد وباء کا خاتمہ ہوجائے جس سے تمام شعبہ حیات بالخصوص تعلیم کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ جناب فضل الرحمن خرم نے کیمپ کے انعقاد میں تعاون کرنے والے ہیلت ورکرس، محکمہ صحت کے ملازمین، بلدی عملے اور آشاورکرس کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اسکول کے ارکان عملہ بشمول جناب وصی الرحمن نے انتظامات کی نگرانی کی۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button