نیشنل

یوگی آدتیہ ناتھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والا گرفتار _ گرل فرینڈ کے باپ کو پھنسانے کے لئے کی تھی یہ حرکت

لکھنو _ 26 اپریل ( اردولیکس) اترپردیش  پولیس نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے نوجوان گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے کانپور کے بابو پوروا علاقے سے امین نامی نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم نے 112 پر میسج کرکے چیف منسٹر یوگی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد لکھنؤ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔

 

ملزم پکڑا گیا تو دھمکی کے پیچھے الگ کہانی سامنے آگئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کانپور پولیس کے جوائنٹ کمشنر آنند پرکاش تیواری نے کہا کہ جس فون سے دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا تھا اس کے مالک کو پکڑ لیا گیا ہے۔ تاہم، موبائل کے مالک نے بتایا کہ اس کا موبائل 2 دن پہلے گم ہوگیا  تھا۔ جب پولیس نے مزید تفتیش کی تو ان کی کڑیاں آمین سے مل گئیں۔

 

جب امین پکڑا گیا تو اس نے بتایا کہ دو روز قبل اس نے اپنی گرل فرینڈ کے والد کا موبائل چوری کیا تھا اور پھر اسی موبائل فون سے پولیس کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجے تھے۔ امین کے مطابق وہ اپنی گرل فرینڈ کے والد کو پسند نہیں کرتا ہے کیونکہ وہ ان کے تعلقات سے ناخوش ہیں۔ اسی لیے اس نے گرل فرینڈ کے والد کو پھنسانے کی سازش کی۔ اور اس کا موبائل چوری کرنے کے بعد چیف منسٹر کو جان سے مارنے کی دھمکی والا میسج بھیجا۔ کانپور پولیس کا کہنا ہے کہ امین کی  دھمکی دینے کے پیچھے صرف ایک ہی مقصد تھا کہ اس کی گرل فرینڈ کے والد کو پھنسایا جا سکتا ہے اور راستے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ امین کے خلاف موبائل چوری کا مقدمہ درج کرکے کارروائی کی جارہی ہے۔ جوائنٹ کمشنر آنند پرکاش تیواری کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ملزم کا مقصد سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کو حقیقی معنوں میں دھمکی دینا نہیں تھا۔ کانپور پولیس امین کو بدھ 26 اپریل کو عدالت میں پیش کرے گی، جہاں سے اسے جیل بھیج دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button