جنرل نیوز

حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے عازمین حج کیلئے بے لوث خدمات کا آغاز  حج 2024ء آن لائن درخواستوں کے ادخال و رہنمائی سے استفادہ کرنے کی خواہش 

حج سوسائٹی نظام آباد کی جانب سے عازمین حج کیلئے بے لوث خدمات کا آغاز 

حج 2024ء آن لائن درخواستوں کے ادخال و رہنمائی سے استفادہ کرنے کی خواہش 

نظام آباد:9/ڈسمبر (پریس نوٹ) حج سوسائٹی نظام آباد رجسٹرڈ کا اہم اجلاس صدر حج سوسائٹی مولانا شیخ اسماعیل عارفی کی صدارت میں بمقام تبارک ہائی اسکول دفتر حج سوسائٹی محلہ حطائی نظام آباد میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں نظام آباد ضلع سے روانہ ہونے والے عازمین حج 2024ء کے خواہشمندوں کو آن لائن کے ذریعہ حج درخواستیں داخل کرنے کیلئے مفت سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔

 

اس موقع پر جنرل سکریٹری محمد نصیر الدین لکچرراور نائب صدر محمد افضل الدین نے بتایاکہ حج بیت اللہ سال 2024ء کے لئے 4/ڈسمبر سے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوا ہے اور درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ جاریہ ماہ 20/ڈسمبر 2023ء مقررکی گئی ہے۔دفتر حج سوسائٹی نظام آباد تبار اسکول میں اوقات کار صبح 10/بجے تا شام 4بجے تک آن لائن درخواستیں داخل کرنے کیلئے سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ محمد نصیر الدین و محمد افضل الدین نے بتایاکہ حج سوسائٹی نظام آباد کا 1997ء میں زیر سرپرستی مولانا عطاء الرحمن خان صاحب مرحوم قیام عمل میں لایا گیا۔

 

بعد ازاں مولانا سید ولی اللہ قاسمی صاحب کی صدارت میں عازمین حج کیلئے خدمات انجام دی گئی۔ انہوں نے بتایاکہ مولانا شیخ اسماعیل عارفی صاحب کی صدارت میں حج سوسائٹی نظام آباد عازمین حج کیلئے درخواستوں کے آن لائن کے علاوہ عازمین حج کیلئے اجتماعی تربیتی اجلاس کا انعقاد حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے روانگی اور واپسی کیلئے گاڑیوں کا انتظام کرنے کے علاوہ عازمین حج کی ہر طرح سے رہنمائی گذشتہ 27برسوں سے بلا معاوضہ مفت خدمات فراہم کرتے چلے آرہے ہیں۔

 

انہوں نے بتایاکہ حج 2024ء کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کیلئے کوئی معاوضہ یا 300روپئے ادا کرنے کی قطعی ضرورت نہیں ہے۔ مفت بلا معاوضہ خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ اسی طرح عازمین حج 2024ء کے درخواستوں کی آن لائن کے ادخال کے بعد ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے نظام آباد ضلع کیلئے حج کا کوٹہ مقرر کیاجاتا ہے اس کے بعد آن لائن درخواستوں کی قرعہ اندازی کی جاتی ہے جس کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب عمل میں لایاجاتا ہے

 

۔عازمین حج کے قرعہ اندازی کے ذریعہ منتخب ہونے والوں سے روانگی کیلئے رقومات کی ادائیگی و رجسٹریشن کیلئے 300روپئے فیس داخل کرنی ہوتی ہے اس سے قبل کوئی فیس ادا کرنا یا معاوضہ دینا ضروری نہیں ہے۔ محمد نصیر الدین، محمد افضل الدین نے بتایاکہ حج سوسائٹی نظام آباد متحدہ ریاست آندھراپردیش و تلنگانہ کی سب سے پہلے قائم کی گئی واحد حج سوسائٹی ہے اس کے بعد ہی دیگر اضلاع میں حج سوسائٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا

 

۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت کے قواعد کے مطابق نئے رائج کردہ قوانین کے تحت سال گذشتہ عازمین حج کو میڈیکل ہیلتھ ٹیسٹ سرٹیفکٹ داخل کرنے کا لزوم عائد کیا گیا تھا جس کے پیش نظر حج سوسائٹی نظام آباد نے ”مدر ہوڈ“ہاسپٹل نظام آباد کی خدمات حاصل کرتے ہوئے 1800روپئے کے بجائے صرف 600روپئے میں عازمین حج کا میڈیکل سرٹیفکٹ باقاعدہ طورپر حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی

 

اس طرح سال گذشتہ نظام آباد ضلع کے 400عازمین حج کو میڈیکل سرٹیفکٹ دلایا گیا۔ جنرل سکریٹری محمد نصیر الدین، نائب صدر محمد افضل الدین حج سوسائٹی نظام آباد نے نظام آباد ضلع سے روانہ ہونے والے عازمین حج سے کہاکہ وہ حج سوسائٹی نظام آباد کی مفت و بے لوث خدمات سے استفادہ کریں۔ قبل ازیں اس اجلاس کا آغاز حافظ مظہر کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔

 

اس اجلاس میں حج سوسائٹی نظام آباد کے ذمہ داران اظہر فاروقی، وسیم احمدخان، محمد حامد علی، عنایت علی افروز، محمد صدیق، سینئر جرنلسٹ احمد علی خان، قدیر احمد، محمد افضل، افروز خان، محمد عبدالحمید، عزیز اللہ خان گولڈن ویلفر سوسائٹی پھولانگ و دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button