تلنگانہ: نمبر پلیٹ پر "ٹی ایس” کے بجائے "ٹی جی” لکھوانے والوں کو محکمہ ٹرانسپورٹ کی وارننگ

حیدرآباد: تلنگانہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایک اہم وارننگ جاری کی ہے، جو اپنی پرانی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس میں تبدیلی کر رہے ہیں۔ حال ہی میں تلنگانہ حکومت نے "ٹی ایس” کو "ٹی جی” میں تبدیل کرنے کا حکم جاری کیا ہے جس کے باعث کچھ گاڑی مالکین اپنی نمبر پلیٹس میں "ٹی ایس” کے بجائے "ٹی جی” لکھوا رہے ہیں۔
محکمہ کے حکام نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ "ٹی جی” سیریز صرف ان نئی گاڑیوں پر لاگو ہوگی جو نوٹیفکیشن کے اجراء کی تاریخ کے بعد خریدی جائیں گی۔ اگر کوئی شخص اپنی پرانی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ پر ریاستی کوڈ "ٹی جی” تبدیل کرتا ہے تو اسے چھیڑ چھاڑ تصور کیا جائے گا ۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے سختی سے اعلان کیا ہے کہ اس عمل میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس وارننگ کے ذریعے محکمہ کا مقصد لوگوں کو قوانین کی پاسداری کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور غیر قانونی سرگرمیوں سے روکنا ہے۔ عوامی آگاہی کے لیے یہ بھی ضروری ہے
کہ وہ اپنی پرانی نمبر پلیٹس میں تبدیلی کے حوالے سے قانونی تقاضوں کا خیال رکھیں۔