جنرل نیوز

قربانی کا عمل شریعت کے دائرے میں رہ کر انجام دیں اور صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں ۔ میونسپل وائس چیئرمین اور آئمہ حضرات کی اپیل

عادل آباد۔28/جون(اردو لیکس)قربانی کے دنوں میں کوئی ایسا کام نہ کیا جائے جو دوسروں کی تکلیف و پریشانی کا سبب بنے اور قربانی کے عمل کو شریعت کے دائرے میں رہ کر انجام دیا جائے تاکہ امن وامان کی فضاء میں عیدالاضحیٰ کی خوشیاں دوبالا رہیں۔اور شرپسند عناصر کی جانب سے قربانی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے پر ڈائل 100 کے ذریعہ محکمہ پولیس کو اطلاع دی جائے

 

۔اور قربانی کے ایام میں صاف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ان خیالات کا اظہار میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی،صدر تنظیم الائمہ والمؤذنین حافظ محمد منظور احمد،ون ٹاؤن سی آئی ستیہ نارائن نے عادل آباد میونسپل دفتر میں عیدالاضحیٰ سے متعلق مساجد انتظامیہ و آئمہ حضرات کے منعقدہ اجلاس سے اپنے مشترکہ خطاب میں کیا۔واضح رہے کہ ہر سال عیدالاضحیٰ سے چند روز قبل مجلس بلدیہ عادل آباد کی جانب سے مختلف محکموں بالخصوص محکمہ پولیس کے اشتراک سے ایک اجلاس منعقد کیا جاتا ہے۔

 

اسی ضمن میں آج بھی ایک اجلاس میونسپل وائس چیئرمین ظہیر رمضانی کی قیادت میں منعقد کیا گیا۔اس موقع پر قربانی کے ایام میں جانوروں کے باقیات فضلات کو میونسپل ملازمین کے حوالے کرنے کے لئے میونسپل کی جانب سے بڑے تھیلے مساجد انتظامیہ کے حوالے کیے گئے۔اس کے علاوہ میونسپل کی جانب سے وارڈ سطح پر میونسپل ملازمین کی ایک ٹیم تیار کی گئی ہے جو قربانی کے ایام میں متعلقہ علاقوں میں صاف صفائی اور جانوروں کے فضلات کی محفوظ مقام پر منتقلی کو یقینی بنائیں گے۔ملازمین کی نگرانی کرنے والے جوان کا فون نمبر اور علاقوں کے ناموں پر مبنی فہرست بھی مساجد انتظامیہ کو دی گئی اور ضرورت کے وقت میونسپل ملازمین سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

 

اس کے علاوہ ظہیر رمضانی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو مختلف تجاویز پیش کی اور جانوروں کے باقیات و فضلات میونسپل کی گاڑیوں میں ڈالیں،راستوں اور گلیوں میں جانوروں کے فضلات ڈالنے سے اجتناب کرنے مسلمانوں کو مشورہ دیا۔اور امن و امان اور خوشحالی کے ساتھ عیدالاضحیٰ منانے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ون ٹاؤن سی آئی ستیہ نارائن نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کو پر امن طور پر منعقد کرنے کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے بھی خصوصی بندوبست کیا جارہا ہے۔شہر کے مختلف چوراہوں،مساجد کے سامنے پولیس ملازمین کو تعینات کیا جائے گا۔اس کے علاوہ دن اور رات میں پولیس کی گاڑیاں بھی گشت کرتے رہیں گی اور شرپسند عناصر کو بالکل بھی بخشاء نہیں جائے گا۔انہوں نے ناخوشگوار واقعہ پیش آنے پر قانون کو اپنے ہاتھ میں لیے بغیر 100 نمبر پر فون کرنے کا مشورہ دیا۔

 

اور قربانی کے عمل کو محفوظ مقام پر کرنے اور صاف صفائی کا خاص خیال رکھنے کا بھی مشورہ دیا۔صدر تنظیم الائمہ والمؤذنین حافظ محمد منظور احمد نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ قربانی کے ایام میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں،کھلے میدانوں میں قربانی نہ کریں،جانوروں کے فضلات نالیوں میں نہ بہائیں،غیر مسلم برادران وطن کے جذبات کا خیال رکھیں،اپنے کسی بھی عمل سے کسی کے جذبات کو ٹھیس نہ پہنچائیں،اس موقع پر شرکاء کی جانب سے بھی مختلف تجاویز پیش کی گئی۔اس موقع پر ون ٹاؤن،ٹو ٹاؤن،موالا اور رورے سی آئیس کے علاوہ میونسپل عہدیداران،کونسلرس،مساجد انتظامیہ و آئمہ حضرات و دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button