نیشنل

گودھرا ٹرین واقعہ میں ملوث 8 مجرموں کی سپریم کورٹ نے کردی ضمانت منظور

نئی دہلی _ 21 اپریل ( اردولیکس) سپریم کورٹ نے جمعہ کو گجرات کے گودھرا میں 2002 میں ٹرین کے ایک ڈبے کو آگ لگا کر 59 افراد کو ہلاک کرنے کے واقعہ میں ملوث 8 مجرمین کو ضمانت دے دی۔ تمام مجرموں کو نچلی عدالت اور ہائی کورٹ نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ مجرموں کو 17-18 سال جیل میں گزارنے کی بنیاد پر ضمانت دی گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے نچلی عدالت سے سزائے موت پانے والے 4 مجرموں کی ضمانت مسترد کر دی ہے۔

چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ نے 8 قصورواروں کو ضمانت دے دی۔ اس سال 20 فروری کو عدالت نے فیصلہ کرنے میں مدد کے لیے مجرموں کی عمر اور جیل میں گزارے گئے وقت کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

 

گودھرا ٹرین واقعہ کب ہوا تھا

27 فروری 2002 کو گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس کے S-6 کوچ میں آگ لگ گئی تھی۔ کوچ میں کار سیوک تھے، جو ایودھیا سے آرہے تھے۔ 58 افراد جل کر ہلاک ہو گئے۔ تقسیم ہند کے بعد گودھرا کے واقعہ نے ملک میں سب سے بھیانک فرقہ وارانہ فسادات کو جنم دیا۔ مارچ 2011 میں ٹرائل کورٹ نے 31 افراد کو مجرم قرار دیا، جن میں سے 11 کو سزائے موت اور باقی 20 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ 63 دیگر ملزمین کو بری کر دیا گیا۔ 2017 میں، گجرات ہائی کورٹ نے 11 مجرموں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا اور 20 دیگر کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا۔ مجرموں کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست 2018 سے زیر التوا تھی۔ جس پر آج فیصلہ سنایا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button