تلنگانہ

پروازیں منسوخ، سعودی عرب میں 2500 حیدرآبادی عمرہ زائرین پریشان، وطن واپسی کے لیے ایئر لائنز سے فوری اقدامات کا مطالبہ

نظام آباد: ایئر انڈیا ایکسپریس اور انڈیگو ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ ہونے کے باعث تقریباً 2000 تا 2500 حیدرآبادی عمرہ زائرین کے سعودی عرب میں پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔ پروازوں کی منسوخی کے بعد متاثرہ مسافر اپنی وطن واپسی، قیام اور طعام کے انتظامات کے سلسلے میں پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

 

اس معاملے پر مکی مدنی ٹورس اینڈ ٹریولز، المحمود ٹورس اینڈ ٹریولز، دکن فلائی ٹریولز اور وفا ٹورس اینڈ ٹریولز سمیت دیگر ٹریول ایجنسیوں نے ایئر انڈیا ایکسپریس اور انڈیگو ایئر لائنز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر باضابطہ ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے متاثرہ مسافروں کو واضح رہنمائی فراہم کریں اور ان کی جلد از جلد وطن واپسی کے لیے متبادل پروازوں کا انتظام کریں۔

 

ٹریول ایجنسیوں نے واضح کیا کہ عمرہ زائرین کو مقررہ پروگرام کے مطابق ایئرپورٹ پہنچانے اور سفر سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بعد، اگر ایئر لائنز کی جانب سے پروازیں منسوخ کی جاتی ہیں تو اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتِ حال سے نمٹنے کی ذمہ داری متعلقہ ایئر لائنز پر عائد ہوتی ہے۔ ایسی صورت میں مسافروں کے قیام، طعام اور متبادل سفر کے انتظامات کے سلسلے میں ایئر لائنز کو اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے متاثرین کو بروقت سہولت فراہم کرنی چاہیے، نہ کہ مسافروں کو غیر یقینی صورتِ حال میں چھوڑ دیا جائے۔

 

*وفا ٹورس اینڈ ٹریولز کے مینیجنگ ڈائریکٹر حافظ محمد عرفان صدیق وفا* نے کہا کہ ٹریول ایجنسیوں نے اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق عمرہ زائرین کی خدمت کرتے ہوئے انہیں مقررہ وقت پر جدہ ایئرپورٹ پہنچایا۔ اگر اس کے بعد پرواز منسوخ ہوتی ہے تو مسافروں کی مزید رہنمائی، قیام و طعام اور متبادل پرواز کے انتظامات کے لیے متعلقہ ایئر لائنز کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایئر انڈیا ایکسپریس اور انڈیگو ایئر لائنز متاثرہ زائرین کی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کی بحفاظت وطن واپسی کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button