تلنگانہ

مرکز کی بی جے پی حکومت فرقہ وارانہ نفرت پھیلارہی ہے : رکن کونسل کویتا

ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے آغاز کردہ فلاحی پروگرامس کا مقصد عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا

مرکز کی بی جے پی حکومت فرقہ وارانہ نفرت پھیلارہی ہے*

پیشرو حکومتوں کاتہواروں کے ساتھ بھی سوتیلا سلوک

کے سی آر حکومت میں بتکماں کے بشمول ریاست کے تمام تہوارکو سرکاری سرپرستی حاصل: کے کویتا

نظام آباد:۔اگر حکومت عوام کی طرف سے منائے جانے والے تہواروں کو تسلیم کرتی ہے تو اس پر شاہی مہر لگائی جاسکتی ہے۔ پھولوں کے تہوار بتکماں کو سابقہ حکومتوں نے نظر انداز کردیا تھا۔لیکن ہماری ٹی آر ایس حکومت نے اس تہوار کو تسلیم کیا جس کی وجہ سے ہم اس تقریب کو شایان شان طریقے سے مناتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے ریاستی وزیر ویمولا پرشانت ریڈی کے ہمراہ نظام آباد کے کمارپلی،بالکونڈہ منڈل میں منعقدہ بتکماں ساڑیوں کی تقسیم پروگرام سے خطاب کے دوران کیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بتکماں تہوار کے موقع پر وزیراعلیٰ کے سی آر ایک باپ اور بڑے بھائی کی حیثیت سے اپنی بیٹیوں اور بہنوں کو سالگرہ کے تحفہ کی طرح ساڑیاں فراہم کررہے ہیں۔
کویتا نیکہا کہ تحریک کے قائد کے سی آر، چیف منسٹر ہونے کی وجہ سے تلنگانہ میں تمام طبقات کے عوام کے ساتھ انصاف کیا جارہا ہے۔دختر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی عوام کی پارٹی ہے۔ چاہے وہ اقتدار میں رہے یا نہ رہے ہمیشہ عوام کے درمیان رہ کر اپنے فرائضبخوبی نبھائیگی۔

وزیراعلیٰ کے سی آرنے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئی اسکیمات کا نفاذ عمل میں لایا ہے۔کویتا نے کہا کہ کے سی آر کٹ اور عوام کو راشن چاول بغیر کسی حد کے تقسیم کرتے ہوئے کافی راحت پہنچائی جارہی ہے۔ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے آغاز کردہ پروگرامس کا مقصد عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا ہے۔ ٹی آر ایس قائد نے کہا کہ کے سی آر کے ذریعہ نافذ کئے گئے فلاحی پروگراموں کو کسی دوسری ریاست میں نافذ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے سی آر خواتین کی فلاح و بہبود کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔ ان کے تحفظ کے لئے شی ٹیم کا آغاز بھی عمل میں لایا گیا ہے۔

رکن کونسل نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی نے اعلان کیا ہے کہ 22 لاکھ نوکریاں دستیاب ہیں۔کویتا نے استفسار کیا کہ تو وہ پھر نوٹیفکیشن کیوں نہیں جاری کررہے؟روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے بی جے پی حکومت نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ صدر تلنگانہ جاگرتی نے کہا کہ صرف اقتدار حاصل کرنے کے لئے وہ عوام میں پھوٹ ڈال رہے ہیں۔ہماری پر امن ریاست میں بھی فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ایم ایل سی کویتا نے اپنے خطاب میں خواتین پر زور دیا کہ وہ بی جے پی سے مہنگائی میں زبردست اضافہ اور بے روزگاری کے بارے میں سوال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور ایم پی اروند سے کہا کہ وہ عوام کو بتائیں کہ مرکزی حکومت نے ان کے بلند و بالا دعووں کے باوجود کتنی ملازمتیں فراہم کیں۔ سی ایم کے سی آر اور مرکز کی بی جے پی حکومت کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی ایم کے سی آر نے نوجوانوں کو 2 لاکھ سے زیادہ عہدے اور 10 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں فراہم کی ہیں اور پوچھا کہ بی جے پی نے ملک کو کیا دیا؟

متعلقہ خبریں

Back to top button