تلنگانہ میں مردم شماری 2027 کی تیاریوں کا آغاز – 40 سوالات کے ذریعہ شہریوں سے معلومات لی جائیں گی
تلنگانہ میں مردم شماری 2027 کی تیاریوں کا آغاز، 40 سوالات کے ذریعے شہریوں سے معلومات لی جائیں گی
تلنگانہ حکومت نے مردم شماری 2027 کے سلسلے میں اہم احکامات جاری کیے ہیں۔ مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے 14 اگست کو جاری کردہ گزٹ نوٹیفکیشن نمبر 4505(E) کو تلنگانہ گزٹ میں دوبارہ شائع کرنے کی ہدایت جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ نے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں مردم شماری کے عمل کی باضابطہ تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔
مرکزی رجسٹرار جنرل و مردم شماری کمشنر نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ مردم شماری کے دوران شہریوں سے تقریباً 40 مختلف نوعیت کی معلومات حاصل کی جائیں۔ 1948 کے مردم شماری قانون کے تحت مقرر کئے جانے والے شمار کنندگان گھر گھر جاکر یہ معلومات جمع کریں گے۔
مرکزی حکومت پہلے ہی مردم شماری میں پوچھے جانے والے 40 سوالات کو نوٹیفائی کرچکی ہے، جن میں ذات اور ذیلی ذات کے علاوہ کووڈ ویکسین کہاں سے لگوائی گئی جیسے سوالات بھی شامل ہیں۔ خواتین اور مردوں کی تعداد کے ساتھ ذات اور ذیلی ذات کی تفصیلات بھی ریکارڈ کی جائیں گی۔
مردم شماری کا باقاعدہ عمل یکم ستمبر سے شروع ہوکر 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس سے قبل 17 سے 31 اگست تک شہریوں کو اپنی معلومات خود درج کرنے کے لیے Self-Enumeration کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔




