رمضان کے مقدس موقع پر اقلیتوں کی ترقی کا عزم — دعوت افطار میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلان
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت فلاحی اسکیموں اور ترقیاتی منصوبوں میں اقلیتوں کو شریک بنا کر انہیں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وہ حیدرآباد کے ایل بی اسٹیڈیم میں منعقدہ سرکاری دعوتِ افطار تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی ، محمد اظہرالدین اور محمد علی شبیر وقف بورڈ چیرمین سید عظمت اللہ حسینی سمیت وزراء، ارکانِ مقننہ اور علما اکرام موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک انسانیت کی خدمت، صبر اور ایثار کا پیغام دیتا ہے اور حکومت ہر سال اسی جذبے کے تحت دعوتِ افطار کا اہتمام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چار فیصد تحفظات اور دیگر اقدامات کے باعث ہزاروں مسلم نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے بہتر ملازمتیں حاصل کر رہے ہیں
جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی سرکاری ملازمتیں اور انعامات دیے گئے ہیں۔چیف منسٹر نے کہا کہ اقلیتوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے انٹیگریٹڈ اسکول قائم کئے جا رہے ہیں اور حکومت اقلیتوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
انہوں نے عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی حصوں میں جنگ کا ماحول ہے، اس لئے رمضان کے اس مقدس مہینے میں ملک اور ریاست کے امن و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں۔





