تلنگانہ

تلنگانہ گروپ 1 پریلمس امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ درست: ہائیکورٹ

حیدرآباد: تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن (ٹی ایس پی ایس سی) کے ذریعہ منعقدہ گروپ 1 کے پریلمس امتحان کو منسوخ کرنے سے متعلق یک رکنی بنچ کے فیصلہ کی ہائیکورٹ نے مدافعت کی ہے۔

 

ہائیکورٹ ڈیویژن بنچ نے سنگل جج کے فیصلہ کو درست قراردیا۔ ٹی ایس پی ایس سی نے سنگل بنچ کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے عدالت میں درخواست داخل کی تھی عدالت نے اس درخواست کو مسترد کردیا اورسنگل جج کے فیصلہ کو برقراررکھا۔

 

واضح رہے کہ حال ہی میں ہائیکورٹ نے گروپ-1 کے پریلمس امتحان کو منسوخ کر کے دوبارہ منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی۔ 11 جون کو ریاست بھر میں منعقد ہونے والے اس امتحان میں 2.32 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے شرکت کی تھی۔ گروپ 1 کی 503 جائیدادوں پر تقررات کرنے کے لیے امتحان منعقد کیا گیا تھا۔

 

اس دوران بعض امیدواروں نے ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھی کہ وہ گروپ 1 کے پریلمس امتحان کو منسوخ کر کے دوبارہ منعقد کریں کیونکہ امتحان میں بائیو میٹرک تفصیلات نہیں لی گئیں۔ امیدواروں نے عدالت کے علم میں لایا تھا کہ ہال ٹکٹ نمبر کے بغیر او ایم آر شیٹس دی گئیں۔

 

ہائی کورٹ نے ان درخواستوں پر سماعت کی اور اپنے فیصلہ میں امتحان دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ پیپر لیک ہونے کی وجہ سے گروپ-1 کا امتحان اس سے پہلے ایک بار بھی منسوخ کر دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button