تلنگانہ

’’یہ صرف غلط فہمی تھی‘‘ — فیروز خان نے جھگڑے کو خاندانی معاملہ قرار دے دیا – عثمان الہاجری بڑے بھائی جیسے ہیں

حیدراباد : کانگریس لیڈر فیروز خان نے گاندھی بھون میں پیش آنے والے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس کے دوران پیش آنے والا معاملہ محض ایک معمولی غلط فہمی تھی، جسے غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ کرسی اور وزیر محمد اظہرالدین کے برابر نشست پر بیٹھنے کے تعلق سے صورتحال میں صرف ایک مِس انڈرسٹینڈنگ ہوئی تھی، جس کے باعث وقتی طور پر کشیدگی پیدا ہوگئی۔

 

فیروز خان نے کہا کہ عثمان الہاجری ان کے بڑے بھائی جیسے ہیں اور دونوں کے درمیان کسی قسم کی تلخی یا ذاتی اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ عثمان الہاجری نے انہیں اسٹیج پر بلایا تھا لیکن وہ اس وقت وہاں نہیں گئے تھے۔

 

فیروز خان نے کہا کہ اس پورے معاملے کو غلط رنگ نہ دیا جائے کیونکہ یہ ایک خاندانی نوعیت کا آپسی معاملہ ہے، جسے باہر کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔

 

واضح رہے که گاندھی بھون میں کانگریس کے جائزہ اجلاس کے دوران اُس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب وزیر اظہرالدین کے برابر نشست اور پروٹوکول کے معاملے پر اقلیتی قائدین فیروز خان اور عثمان الہاجری کے درمیان تلخ جھڑپ ہوگئی۔

 

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران دونوں قائدین میں شدید الفاظ کے تبادلے کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور مبینہ طور پر ایک دوسرے کی کالر پکڑ لی گئی۔ اس دوران ماحول میں تناؤ بڑھ گیا اور اجلاس میں بدنظمی پھیل گئی۔

 

بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر سینئر کانگریس قائد وی ہنمنت راؤ نے مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی، تاہم انہیں بھی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں دیگر قائدین اور کارکنان نے فوری طور پر بیچ بچاؤ کراتے ہوئے معاملے کو مزید بڑھنے سے روک دیا۔

 

بعد ازاں اجلاس میں مزید ہنگامہ آرائی کے باعث وزراء پونم پربھاکر اور اظہرالدین نے اجلاس کو ادھورا ختم کردیا۔ وزراء کی موجودگی میں پیش آنے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button