پروٹوکول پر کانگریس میں گھمسان لڑائی – فیروز خان اور عثمان الہاجری میں ہاتھاپائی
حیدرآباد: گاندھی بھون میں کانگریس کے جائزہ اجلاس کے دوران اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب وزیر اظہرالدین کے بازو بیٹھنے اور پروٹوکول کے معاملہ پر اقلیتی قائدین فیروز خان اور عثمان الہاجری کے درمیان شدید جھگڑا ہوگیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے دونوں قائدین ایک دوسرے کی کالر پکڑ کر الجھ پڑے اور ماحول کشیدہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق عثمان الہاجری نے فیروز خان کا کالر پکڑتے ہوئے اُن کے چہرہ پر تھپڑ بھی مارا، جس کے نتیجہ میں فیروز خان نیچے گر پڑے۔ صورتحال کو قابو میں کرنے کیلئے سینئر کانگریس لیڈر وی ہنمنت راؤ درمیان میں آئے، تاہم انہیں بھی دھکا دینے کی کوشش کی گئی۔ موقع پر موجود دیگر قائدین اور کارکنوں نے فوری مداخلت کرتے ہوئے معاملہ کو مزید بگڑنے سے روک دیا۔
اسی دوران وی ہنمنت راؤ نے عثمان الہاجری پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’تم پہلوانوں کی طرح برتاؤ کررہے ہو‘‘ جس پر عثمان الہاجری نے جواب دیا کہ ’’ہاں، میں پہلوان ہی ہوں‘‘۔ اس دوران اجلاس میں شدید ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔
اس واقعہ کے بعد وزراء پونم پربھاکر اور اظہرالدین نے اجلاس کو ادھورا ہی ختم کردیا۔ وزراء کی موجودگی میں پیش آئے اس واقعہ کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے



