گن چھوڑ کر قلم تھام لی – کورٹلہ سے تعلق رکھنے والے سابق ماؤ نواز لیڈر دیوجی نے لا سیٹ میں 349واں رینک حاصل کر لیا
کورٹلہ : تلنگانہ کے کورٹلہ ٹاون سے تعلق رکھنے والے ماؤ نواز تحریک کے سابق سینئر لیڈر تروپتی عرف دیوجی نے ثابت کر دیا کہ محنت اور عزم کے سامنے عمر کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ مسلح جدوجہد سے عوامی زندگی میں واپسی کے بعد انہوں نے اپنی ادھوری تعلیم مکمل کرنے کا فیصلہ کیا اور گزشتہ ماہ لا سیٹ امتحان میں شرکت کی
۔جمعرات کو جاری نتائج میں دیوجی نے 349واں رینک حاصل کرکے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے پانچ سالہ قانون کی تعلیم میں داخلے کے لیے 18 مئی کو امتحان دیا تھا۔
دیوجی نے حال ہی میں ماؤ نواز تحریک چھوڑ کر معمول کی زندگی اختیار کی ہے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے 43 سال قبل انٹرمیڈیٹ میں رہ جانے والا تلگو مضمون بھی گزشتہ ماہ 13 مئی کو انٹر بورڈ کی اجازت سے کورٹلہ کے ایک نجی کالج میں مکمل کیا تھا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ وہ قانون کی تعلیم حاصل کرکے غریبوں کو قانونی مدد فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ اب لا سیٹ میں نمایاں کامیابی حاصل کرکے انہوں نے اپنے اس عزم کی جانب ایک اہم قدم بڑھا دیا ہے۔




