جرائم و حادثات
گیس سلنڈر پھٹنے سے نانی اور نواسہ نواسی ہلاک – تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع میں افسوسناک حادثہ

نلگنڈہ : تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے مریال گوڑہ میں پیش آئے ایک بھیانک آتشزدگی کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد زندہ جل کر ہلاک ہوگئے۔ متوفیان کی شناخت 45 سالہ چندرکلا، ان کے 16 سالہ نواسے لکشمن اور 14 سالہ نواسی پرنتی کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مریال گوڑہ کے کلال واڑہ علاقے کی رہائشی چندرکلا اپنے دو نواسوں کے ساتھ گھر میں سو رہی تھیں کہ رات کے وقت شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ آگ پر قابو پانے کی کوشش کے دوران گھر میں موجود گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر ہی زندہ جل گئے۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پایا۔ بعد ازاں جھلسی ہوئی نعشوں کو نکال کر مقامی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



