حیدرآباد میں لڑکی کو قتل کرنے والا اس کا ماموں زاد بھائی ہی نکلا – والدین کے انتقال پر لڑکی کے والد نے ہی قاتل کی پرورش کی تھی
حیدرآباد مشیرآباد میں دن دہاڑے سفاکانہ قتل — محبت، شک اور جنون نے جان لے لی
حیدرآباد کے مشیر آباد میں پیر کی دوپہر کے وقت ایسا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جس نے پورے علاقے کو دہلا کر رکھ دیا۔ باپو جی نگر میں رہنے والی پاوترہ نامی نوجوان لڑکی کو اس کے ماموں زاد اوما شنکر نے چاقو سے وار کر کے بے رحمی سے قتل کر دیا۔
واقعہ کے بعد مقتولہ کی خالہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کئی چونکا دینے والے انکشافات کئے۔ اس کے مطابق اوما شنکر کے والدین کے انتقال کے بعد پاوترہ کے والد نے اُسے اپنے بیٹے کی طرح گھر لا کر پالا تھا، اور دونوں ایک ساتھ ہی بڑے ہوئے۔ وقت کے ساتھ دونوں میں گہری محبت پیدا ہوئی اور شادی کا فیصلہ بھی کر لیا گیا تھا۔
مگر یہی محبت ایک وقت بعد شدید شک اور ذہنی بے اعتمادی میں بدل گئی۔ خالہ کے بیان کے مطابق اوما شنکر کو پاوترہ پر حد سے زیادہ شک رہنے لگا تھا، وہ اسے کہیں آنے جانے نہیں دیتا تھا اور اسی شک کی وجہ سے پاوترہ کی انٹر کی تعلیم بھی چھڑوا دی۔
چند دن قبل پاوترہ اپنے والدین کے ساتھ وجے واڑا کے کنکادُرگا مندر گئی تھی، اور جانے سے پہلے اوما شنکر نے اسے سختی سے منع بھی کیا تھا۔ لیکن پاوترہ والدین کے ساتھ چلی گئی، جس پر اوما شنکر انتہائی ناراض ہو گیا۔ آج وہ چاقو لے کر پاوترہ کے گھر پہنچا اور جھگڑا شروع کر دیا۔
بحث کے دوران جب پاوترہ نے صاف لفظوں میں کہا کہ“میں تم سے شادی نہیں کروں گی” تو اوما شنکر آگ بگولہ ہو گیا اور اسی لمحے چاقو سے متعدد وار کرتے ہوئے پاوترہ کو قتل کر ڈالا۔
پاوترہ کی خالہ کے مطابق اوما شنکر کے ہاتھ میں چاقو ہونے کا کسی کو علم نہیں تھا، اور واقعہ کے وقت پاوترہ کی ماں اور خالہ دونوں گھر میں ہی موجود تھیں، مگر حملہ اتنا اچانک اور خوفناک تھا کہ روکا نہ جا سکا۔
دن دہاڑے پیش آئے اس قتل سے مشیرآباد میں سنسنی مچ گئی پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور اوما شنکر کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔



