تلنگانہ میں گرما جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، حیدرآباد میں بھی گرمی میں اضافہ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی

حیدرآباد: حیدرآباد کے محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ ریاست میں 15 جولائی تک مانسون میں وقفہ کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ریاست کے تمام اضلاع میں پہلے ہی معمول سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران بھی زیادہ بارش ہونے کے امکانات کم ہیں۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا اندازہ ہے کہ ال نینو کے اثرات کی وجہ سے مانسون کے موسم میں بھی موسم گرما جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ریاست بھر میں درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے اور کئی اضلاع میں درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابلِ ذکر بارش نہیں ہوئی جبکہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 10 سے 15 جولائی کے درمیان ریاست بھر میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہےجبکہ خاص طور پر 12 سے 15 جولائی کے دوران گرمی کی شدت اپنے عروج پر پہنچنے کا امکان ہے۔خاص طور پر مشرقی تلنگانہ کے اضلاع میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حیدرآبادشہر میں بھی درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سیلسیس تک رہنے کا امکان ہے۔اس دوران بعض مقامات پر ہلکی بارش یا بونداباندی کا امکان بھی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ پانچ دنوں کے دوران ریاست کے بعض مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہو سکتی ہے
جبکہ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔




