تلنگانہ میں 28 سے 30 اکتوبر تک شدید بارش کا الرٹ، 6 اضلاع میں اورنج الرٹ جاری

حیدرآباد: خلیج بنگال کے وسطی حصے میں تشکیل پانے والا کم دباؤ کا علاقہ شدت اختیار کرتے ہوئے ہوا کے کم دباؤ کے گہرے نظام میں تبدیل ہوگیا ہے۔ امکان ہے کہ 26 اکتوبر تک یہ ’ارناب‘ (Arnab) نامی سمندری طوفان کی شکل اختیار کرلے گا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس نظام کے اثر سے تلنگانہ میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔ ریاست میں 28 سے 30 اکتوبر تک تین دن بھاری بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے جے شنکر بھوپال پلی، ہنمکنڈہ، محبوب آباد، ورنگل، کھمم اور سدی پیٹ اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جہاں بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کا امکان ہے۔ ریاست کے دیگر تمام اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں گرج چمک اور بجلی کے ساتھ درمیانی سے شدید بارش ہوسکتی ہے۔
حکام نے عوام اور متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی ضروری ہونے پر ہی گھروں سے باہر نکلیں۔ نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔



