تلنگانہ کے کئی اضلاع میں اگلے 5 دنوں تک زبردست بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع میں اگلے پانچ دنوں موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباو کا ایک اور علاقہ بن گیا ہے جس کے زیر اثر ریاست کے کئی اضلاع میں پانچ دنوں تک تیز سے تیز تر بارش کا امکان ہے۔
منچریال، بھوپاپلی، ملوگو اور کتہ گوڑم اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جمعرات کو بھوپال پلی اور ملوگو اضلاع میں موسلا دھاربارش ہوگی جب کہ عادل آباد، آصف آباد، منچریال، پیدا پلی، کتہ گوڑم اور دیگر اضلاع میں اوسط سے بھاری بارش ہوگی۔ کہا گیا ہے کہ کئی مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو گی۔
دوسری جانب آصف آباد، منچریال اور ملوگو اضلاع میں کم دباؤ کے زیر اثر موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ کھمم اور محبوب آباد اضلاع میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔