حیدرآبادی نبیلہ سید امریکہ کے انتخابات میں الینوائے ایوان نمائندگان کے لئے دوسری مرتبہ منتخب

حیدرآباد – 7نومبر ( اردو لیکس)حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی نبیلہ سید کی امریکہ کے انتخابات میں الینوائے ایوان نمائندگان میں دوسری شاندار کامیابی حاصل کی ہے
الینوائے ایوان نمائندگان میں 51 ویں ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کے لیے 25 سالہ نبیلہ سید نے دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔ نبیلہ کا تعلق حیدرآباد سے ہے، اور انہوں نے پہلی بار 2022 میں 23 سال کی عمر میں ریپبلکن امیدوار کرس بوس کو شکست دی تھی۔ ان انتخابات میں نبیلہ نے 22,775 ووٹ (53.28 فیصد) حاصل کیے، جب کہ ان کے حریف بوس نے 20,847 ووٹ (47 فیصد) حاصل کیے تھے۔ اس موقع پر بھارتی نژاد غیر مسلم رائے دہندگان نے نبیلہ سید کی بھرپور حمایت کی۔
اس بار نبیلہ نے ریپبلکن امیدوار 49 سالہ ٹوسی اوفوڈائیک کو 29,265 ووٹ (55.0 فیصد) حاصل کر کے شکست دی، جب کہ ان کی حریف نے 23,983 ووٹ (45.0 فیصد) حاصل کیے۔ نبیلہ کے والد، سید معز الدین، کا تعلق حیدرآباد کے ٹولی چوکی علاقے سے ہے اور وہ 1980 کی دہائی میں امریکہ منتقل ہوئے تھے۔ نبیلہ کی پیدائش الینوائے میں ہوئی اور انہوں نے پلاٹائن ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف کیلیفورنیا، برکلے سے بیچلر کی ڈگری مکمل کی۔
الینوائے اسمبلی میں نبیلہ نے اب تک 14 بل منظور کروائے ہیں، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ نبیلہ اور ان کے والد سید معز الدین سماجی اور ملی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، خصوصاً رمضان المبارک کے دوران دونوں روزہ داروں کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں۔اپنی حالیہ کامیابی کے بعد نبیلہ نے کہا کہ "جس علاقے میں میں پیدا ہوئی اور پروان چڑھی، اس کی نمائندگی کرنا میرے لیے شکر اور فخر کا باعث ہے۔