حیدرآباد سے چنائی 2 گھنٹے، ممبئی 2 گھنٹے 20 منٹ – اب فاصلے نہیں رہیں گے، بلیٹ ٹرین سے حیدرآباد مزید قریب

تلنگانہ کو 7 میں سے 3 بلیٹ ٹرین روٹس، حیدرآباد بنے گا بلیٹ ٹرین ہب: اشونی ویشنو
حیدرآباد: مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 7 بلیٹ ٹرین پراجکٹ میں سے تین روٹس تلنگانہ کو ملے ہیں، جو ریاست کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی خصوصی دلچسپی کے باعث تلنگانہ کو یہ اہم پراجکٹس حاصل ہوئے ہیں اور مستقبل میں حیدرآباد ملک کا بڑا بلیٹ ٹرین ہب بن جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بلیٹ ٹرین منصوبے مکمل ہونے کے بعد حیدرآباد سے وجئے واڑہ کا سفر صرف ایک گھنٹہ 10 منٹ، ممبئی کا سفر تقریباً 2 گھنٹے 20 منٹ اور چنئی کا سفر صرف 2 گھنٹوں میں طے کیا جا سکے گا، جس سے سفر کا وقت نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔
اشونی ویشنو نے کہا کہ ان منصوبوں کا پورا کریڈٹ وزیر اعظم نریندر مودی کو جاتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یو پی اے حکومت نے متحدہ آندھرا پردیش کے لیے صرف 800 کروڑ روپے کا ریلوے بجٹ مختص کیا تھا، جبکہ موجودہ حکومت صرف تلنگانہ کے لیے 5 ہزار کروڑ روپے کے ریلوے فنڈز فراہم کر رہی ہے، جس کی بدولت ریاست میں ریلوے منصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔




