ایم ایس کو باوقار ISO 21001:2025 سرٹیفکیشن حاصل۔عالمی معیار کے تعلیمی نظام کے قیام کا بین الاقوامی اعتراف

حیدرآباد۔ 11اپریل۔ پریس ریلیز۔ملک کے معروف تعلیمی اداروں میں شامل ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے سرپرست ادارے ایم ایس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کے انتظامی نظام کے لیے بین الاقوامی معیار ISO 21001:2025 سرٹیفکیشن حاصل کر لیا ہے۔ یہ باوقار سند ایم ایس کے معیاری تعلیمی نظم و نسق، تعلیمی نظام، مسلسل بہتری اور مؤثر انتظامی طریقۂ کار کا اعتراف ہے، جو عالمی ادارے یوروپین اسسمنٹ اینڈ سرٹیفیکیشن (EAC) کی جانب سے کیا گیا ہے۔
یہ سرٹیفکیشن ایم ایس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے حیدرآباد میں واقع کارپوریٹ آفس کو دیا گیا ہے، جہاں سے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کےہیومن ریسورس، سینٹرل اکیڈمکس (CADD)، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایڈمنسٹریشن، فیسلٹیز مینجمنٹ، آپریشنز اور ڈیجیٹل اینیبلمنٹ جیسے اہم شعبوں کی نگرانی کی جاتی ہے۔ یہی دفتر تلنگانہ، مہاراشٹر، دہلی اور اترپردیش میں قائم ایم ایس کے تعلیمی اداروں کے انتظامی امور کو مربوط کرتا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ایم ایس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ نے اکتوبر 2022 میں ISO 21001:2018 سرٹیفکیشن حاصل کرتے ہوئے اقلیتی تعلیمی اداروں کے لئے ایک سنگ میل قائم کیاتھا۔ اس کے بعد ادارے نے نئے عالمی معیار کے مطابق ری سرٹیفکیشن کا عمل کامیابی سے مکمل کیا اور حال ہی میں ISO 21001:2025 سرٹیفکیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
ISO 21001:2018 سے ISO 21001:2025 تک کامیاب منتقلی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایم ایس ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ عالمی معیار کے مطابق اپنے تعلیمی اور انتظامی نظام کو مسلسل بہتر بنا رہا ہے۔ ادارہ تربیت کے ساتھ معیاری تعلیم کے اپنے تصور کے تحت طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی اور بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
اس موقع پر ایم ایس کے بانی و چیئرمین جناب محمد لطیف خان نے کہاکہ”
ISO 21001:2025 سرٹیفکیشن کا حصول ہمارے معیار، شفافیت، جدت اور مسلسل بہتری کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ کامیابی ہمارے اساتذہ، ملازمین، انتظامیہ اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ ہم آئندہ بھی طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے اور اپنے تعلیمی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پوری لگن سے کام کرتے رہیں گے۔”
ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا قیام 10 اگست 1991ء کو عمل میں آیا۔ آج یہ ادارہ ملک کے ممتاز تعلیمی نیٹ ورکس میں شمار ہوتا ہے اور چار ریاستوں میں قائم اپنے 163 تعلیمی اداروں کے ذریعے 33 ہزار سے زائد طلبہ کو پری پرائمری سے گریجویشن تک معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔
حال ہی میں ایم ایس جونیئر کالج کی طالبہ حفصہ بیگم نے انٹرمیڈیٹ 2026 کے امتحانات میں 1000 997میں سے نشانات حاصل کرتے ہوئے ریاستی سطح بھر میں سب سے زآئد مارکس حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ایم ایس کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب کسی طالبہ نے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل 2005 میں عائشہ فاطمہ نے انٹرمیڈیٹ میں ریاست آندھراپردیش کی ٹاپر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اب تک ایم ایس کے 2,116 طلبہ میرٹ کی بنیاد پر ایم بی بی ایس کی مفت نشستوں پر داخلہ حاصل کر چکے ہیں، جس کے باعث جنوبی ہند میں اقلیتی طلبہ کو سب سے زیادہ میڈیکل نشستیں دلانے کا اعزاز بھی ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کو حاصل ہے۔
اسی طرح ایم ایس کے 211 طلبہ جے ای ای مینز اور جے ای ای ایڈوانسڈ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے آئی آئی ٹیز، این آئی ٹیز اور قومی اہمیت کے دیگر ممتاز تعلیمی اداروں میں داخلہ پا چکے ہیں۔ مزید برآں، 154 طلبہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بن چکے ہیں، 4 طلبہ یو پی ایس سی سول سروسز میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں، 50 سے زائد طلبہ مرکزی و ریاستی گروپ ون سمیت مختلف اعلیٰ سرکاری خدمات میں منتخب ہوئے ہیں، جبکہ 481 طلبہ نے حفظِ قرآن کی سعادت حاصل کی ہے۔



