دیور سے تعلقات کیلئے سسرال والوں کا دباو، انکار پر ظلم۔ آندھرا پردیش میں انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ

حیدرآباد: ریاست آندھرا پردیش کے ایلورو ضلع کے جنگاریڈی گوڑم علاقے میں ایک انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ پیش آیا۔ ایک شادی شدہ خاتون کو اس کے سسرال والوں نے اپنے دیور کے ساتھ ناجائز تعلق قائم کرنے کے لیے مجبور کیا۔
خاتون نے جب اس شرمناک مطالبے کو ٹھکرا دیا تو اسے گزشتہ دس دنوں سے ایک کمرے میں قید کر کے رکھا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ارکان نے متاثرہ خاتون کو بازیاب کرایا۔تفصیلات کے مطابق پولاورم سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کی شادی دو سال قبل جنگاریڈی گوڑم کے ایک شخص سے ہوئی تھی۔
ایک سال قبل اس کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی۔بتایا جاتا ہے کہ شوہر کے بھائی کے ہاں اولاد نہیں تھی جس کے باعث ساس اور سسر نے اپنی بہو پر دباؤ ڈالا کہ وہ اپنے دیور کے ساتھ رہ کر وارث پیدا کرے۔ انہوں نے اپنے بیٹے (خاتون کے شوہر) کو گاؤں سے باہر بھیج دیا اور بہو پر تشدد شروع کر دیا۔ خاتون کو اس کے شیرخوار بچے کے ساتھ کمرے میں بند کر دیا گیا
جہاں نہ اسے کھانا دیا گیا نہ پانی۔جب یہ خبر متاثرہ خاتون کے والدین تک پہنچی، تو وہ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس تنظیم کے نمائندوں اور پولیس کے ساتھ وہاں پہنچے۔ انہوں نے کمرے کا دروازہ توڑ کر خاتون اور بچے کو آزاد کرایا۔پولیس نے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔



