تلنگانہ

بیٹی کی رخصتی اور بیٹے کے ولیمے کی خوشیوں میں اچانک ماتم – جگتیال کے شریف بھائی کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال

جگتیال: تلنگانہ کے شہر جگتیال سے تعلق رکھنے والے شریف بھائی کے گھر میں ایک طرف بیٹی کی وداعی کی خوشیاں تھیں تو دوسری طرف بیٹے کے ولیمہ کی تقریب جاری تھی، لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ خوشیوں سے سجے گھر میں اچانک ایسا سانحہ پیش آیا کہ شادی کی تقریبات ماتم میں تبدیل ہوگئیں۔

 

تفصیلات کے مطابق شریف بھائی، جو  شہر کی ہزاری محلہ کے چھوٹی ترکاری مارکیٹ میں ترکاریاں فروخت کیا کرتے تھے، کی لڑکی کا کچھ دن قبل نکاح ہوا تھا۔ اور جمعہ کی رات میں بیٹے کے ولیمہ کے موقع پر بیٹی کی رخصتی کی تقریب بھی جاری تھی کہ اسی دوران انہیں دل کا دورہ پڑا،جنھیں فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے ان کے انتقال ہوجانے کا اعلان کیا.

 

ایک ہی گھر میں شادی کی خوشیاں منانے والا خاندان اچانک اپنے عزیز کی جدائی کے غم میں ڈوب گیا۔ جس گھر سے بیٹی کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا جا رہا تھا، وہیں کچھ ہی دیر میں والد کی موت کی خبر نے ہر آنکھ اشکبار کردی۔

 

مرحوم شریف بھائی ایک خوش اخلاق، ملنسار اور نیک سیرت انسان تھے۔ وہ تبلیغی جماعت کے سرگرم کارکن بھی تھے اور اپنے اچھے اخلاق و دوستانہ رویے کے باعث لوگوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔

 

شریف بھائی کے اچانک انتقال کی خبر سے شہر جگتیال میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ شادی کی خوشیوں کے درمیان پیش آنے والے اس دلخراش سانحہ نے ہر شخص کو رنجیدہ کردیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button