جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے زیر اہتمام سیرت ایکسپو 2026 کا انعقاد ۔ جین زی کی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

سیرتِ رسول ﷺ پر عمل ہی مسلمانوں کی کامیابی کا راستہ: محمد اظہر الدین
سیرت ایکسپو 2026 کا انعقاد ۔ جین زی کی تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

حیدرآباد: ہر سال ربیع الاول کا مبارک مہینہ آتا ہے تو ہر طرف رحمت للعالمین ﷺ کی عظمت و رفعت کے تذکرے ہوتے ہیں۔ یہ مہینہ دراصل ہمارے لیے حضورِ رسالت مآب ﷺ سے اپنی وابستگی کو گہرا کرنے، آپ ﷺ کی حیاتِ طیبہ کو سمجھنے اور اپنی زندگی کو آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کے مطابق ڈھالنے کا پیغام دیتا ہے۔ مسلمانوں کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ حضور ﷺ کے طریقے پر چلیں۔
ماں باپ اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کرتے ہوئے ان کی زندگیوں کو صحیح رخ دیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد اظہر الدین، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ نے 12 ربیع الاول کو گرینڈ امپیرئل فنکشن پیلیس، چادرگھاٹ میں منعقدہ ’’سیرت ایکسپو 2026‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس ایکسپو کا اہتمام جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کی جانب سے کیا گیا تھا۔
’’وہ زندگی جس نے دنیا بدل دی‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ اس منفرد نمائش میں صبح 9 بجے سے ہی لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ مختلف گوشوں میں سجے 50 سے زائد ماڈلس، چارٹس اور معلوماتی ڈسپلے کے سامنے طلبہ و نوجوان، خواتین، مرد اور بچے رک رک کر ان کی تفصیلات دیکھتے، سوالات کرتے اور سیرتِ نبوی ﷺ کے مختلف پہلوؤں سے واقف ہوتے نظر آئے۔ کہیں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ تک کے تاریخی سفر اور عہدِ نبوی ﷺ کے اہم واقعات کو ماڈلس کے ذریعے اجاگر کیا گیا تھا
تو کہیں آپ ﷺ کی اخلاقی تعلیمات، دعوتی جدوجہد اور معاشرے میں برپا کی گئی عظیم تبدیلی کو تخلیقی انداز میں پیش کیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد طلبہ و نوجوانوں، مرد و خواتین اور بچوں نے اس ایکسپو کا مشاہدہ کیا۔جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کی جانب سے مسلسل چھٹے سال منعقد کیے جانے والے اس ایکسپو کا مقصد عامتہ الناس، بالخصوص مسلم طلبہ و نوجوانوں کو سیرتِ نبوی ﷺ سے جوڑنا اور ان کی تخلیقی و اختراعی صلاحیتوں کو تعمیری رخ دینا ہے۔
مختلف اسکولوں کے طلبہ کے علاوہ ایس آئی او اور جی آئی او سے وابستہ نوجوانوں اور طالبات نے بھی اپنے تیار کردہ ماڈلس اور ڈسپلے کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ نمائش میں طلبہ و نوجوانوں اور طالبات و خواتین کے لیے الگ گوشے بھی قائم کیے گئے تھے۔
ایکسپو میں سیرتِ نبوی ﷺ پرشارٹ فلم کی نمائش، برسرِموقع کوئز، کتابوں کے اسٹال اور فوڈ کورٹ بھی شرکا کی توجہ کا مرکز رہے۔ اردو، انگریزی اور ہندی زبان میں سیرتِ نبوی ﷺ اور اسلامی موضوعات پر گراں قدر کتابیں بھی دستیاب تھیں، جن پر 50 فیصد رعایت دی گئی۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد مبشر احمد، ناظمِ شہر جماعت اسلامی ہند عظیم تر حیدرآباد نے ایکسپو کے مرکزی موضوع ’’وہ زندگی جس نے دنیا بدل دی‘‘ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ محض تاریخ کا ایک روشن باب نہیں بلکہ آج بھی انسانی زندگی کے ہر شعبے کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ نے اپنے کردار، اخلاق، عدل، رحمت اور حسنِ سلوک کے ذریعے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جس نے دنیا کی تاریخ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو کا مقصد امت، بالخصوص نئی نسل کو یہ سمجھانا ہے کہ اسوۂ رسول ﷺ آج کے مسائل اور چیلنجز کے درمیان ہماری عملی رہنمائی کیسے کرسکتا ہے
۔ انہوں نے سیرتِ نبوی ﷺ کے پیغام کو جدید اور تخلیقی انداز میں نئی نسل تک پہنچانے کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے کے ساتھ انہیں اپنے حقیقی آئیڈیل سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔قبل ازیں امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ جناب محمد مجیب الاعلیٰ نے خیرمقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے ایکسپو کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور اس میں حصہ لینے والے اسکولی طلبہ، ایس آئی او، جی آئی او، سی آئی او اور شعبۂ خواتین جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ کی ستائش کی۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ’’جین زی‘‘ کا بہت چرچا ہے۔ اس نسل کے بارے میں یہ تاثر عام ہے کہ اس کی دلچسپیاں اور ترجیحات ماضی کی نسلوں سے مختلف ہیں، لیکن سیرت ایکسپو میں ہمارے جین زی نے اپنی صالح فکر، تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعی ذہن کا بھرپور مظاہرہ کرکے ثابت کردیا ہے کہ اگر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صحیح رخ، مناسب رہنمائی اور تعمیری مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ غیر معمولی کارنامے انجام دے سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتامی مرحلے میں جناب عبدالمجید نظامی، کنوینر سیرت ایکسپو نے اظہارِ تشکر کیا اور ایکسپو کی تیاری و انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام افراد اور اداروں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی کارروائی جناب سید عبدالقادر ناصر، رکن مقامی مجلسِ شوریٰ جماعت اسلامی ہند ملک پیٹ نے بحسن و خوبی چلائی۔اس موقع پر شہ نشین پر جناب اعظم بیگ، سکریٹری جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد، جناب محمد عبدالودود، معاون کنوینر سیرت ایکسپو، اور جناب منظور احمد، ناظم ڈویژن سعیدآباد موجود تھے۔
تقریب میں چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (سی آئی او( کے طلبہ نے ایک بامقصد تعلیمی مظاہرہ پیش کرتے ہوئے اپنی علمی استعداد، اعتماد اور تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا اور شرکا کی بھرپور توجہ حاصل کی۔




