تلنگانہ

ایس آئی اور کانسٹیبل ملازمتوں کے لئے عمر کی حد میں اضافہ کیا جائے: کلواکنٹلہ کویتا

ایس آئی اور کانسٹیبل ملازمتوں کے لئے عمر کی حد میں اضافہ کیا جائے: کلواکنٹلہ کویتا

7 ہزار نہیں، 20 ہزار کانسٹیبل کی جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں

 

تلنگانہ رکشنا سینا کی چیف کلواکنٹلہ کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس آئی اور کانسٹیبل ملازمتوں کے لئے عمر کی حد میں فوری طور پر اضافہ کیا جائے اور صرف 7 ہزار نہیں بلکہ ریاست میں خالی موجود 20 ہزار کانسٹیبل پوسٹوں پر تقررات کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔

 

بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ رکشنا سینا کے دفتر میں کانسٹیبل امیدواروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے اقتدار میں آنے کی ایک بڑی وجہ بے روزگار نوجوان تھے۔ بے روزگار نوجوانوں نے گاؤں گاؤں گھوم کر کانگریس کارکنوں سے بھی زیادہ محنت کرتے ہوئے اس پارٹی کو اقتدار میں لانے کے لئے کام کیا، لیکن کانگریس کو اقتدار میں آئے تین سال گزرنے کے باوجود ملازمتوں کے مناسب نوٹیفکیشن جاری نہیں کئے گئے۔کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ 2024 میں کانسٹیبل پوسٹوں کے لئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی تشہیر کرتے ہوئے حکومت نے جی او نمبر 31 جاری کیا تھا۔ اس کے بعد عمر میں رعایت دینے کا وعدہ کرکے دو سال کا وقت ضائع کردیا گیا۔

 

اس تاخیر کے نتیجہ میں بہت سے بے روزگار امیدوار عمر کی مقررہ حد سے تجاوز کرگئے اور ملازمت کے لئے اپنی اہلیت کھو بیٹھے۔انہوں نے کہا کہ عام طور پر کانسٹیبل اور ایس آئی پوسٹوں کے لئے تقریباً 9 لاکھ درخواستیں موصول ہونی چاہئیں، لیکن عمر کی حد میں اضافہ نہ کئے جانے کی وجہ سے اس مرتبہ صرف 3 سے 4 لاکھ درخواستیں ہی موصول ہوئی ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ عمر کی حد میں اضافہ نہ کرنے سے بڑی تعداد میں امیدواروں کو ملازمت کے مواقع سے محروم کیا گیا ہے

 

۔کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایس آئی اور کانسٹیبل ملازمتوں کے لئے عمر کی حد میں لازمی طور پر اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ملازمت کے لئے عمر کی حد 38 سال اور کانسٹیبل ملازمت کے لئے 36 سال مقرر کی جانی چاہئے۔ عمر کی حد میں اضافہ کرنے سے مزید 2 سے 3 لاکھ بے روزگار اُمیدواروں کو فائدہ پہنچے گا۔تلنگانہ رکشنا سینا کی چیف نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ریاست میں 20 ہزار کانسٹیبل پوسٹیں خالی ہیں،

 

لیکن حکومت نے صرف 7 ہزار پوسٹوں کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ انہوں نے حکومت کے مختلف محکموں کے درمیان تال میل کی کمی پر بھی تنقید کی۔ کویتا نے کہا کہ محکمہ داخلہ کچھ اور کہتا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے کچھ اور بات کہی جارہی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کے اندر ہی باہمی تال میل موجود نہیں ہے۔

 

کلواکنٹلہ کویتا نے کہا کہ عمر کی حد میں اضافہ نہ کئے جانے کی وجہ سے بڑی تعداد میں بے روزگار نوجوان مایوسی کا شکار ہیں۔ حکومت کو اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر عمر کی حد میں اضافہ کرنا چاہئے اور امیدواروں کے ساتھ انصاف کرنا چاہئے۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ ایس آئی اور کانسٹیبل امیدواروں کے اس مطالبہ پر تلنگانہ رکشنا سینا ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے عمر کی حد میں اضافے کے لئے جدوجہد کرنے والے کانسٹیبل امیدواروں کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button