کے ٹی آر کا چیف منسٹر ریونت ریڈی کو قانونی نوٹس – 48 گھنٹہ کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ

بی آر ایس کے کارگزار صدر تارک راما راو نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو قانونی نوٹس بھیجتے ہوئے گلوبارینا ٹیکنالوجیز سے متعلق اپنے الزامات پر 48 گھنٹوں کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے
۔کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر نے بغیر کسی ثبوت کے ان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبارینا کمپنی سے ان کا نہ کوئی مالی تعلق ہے اور نہ ہی اس میں ان کی کوئی ملکیت یا شراکت داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کمپنی کا بے نامی مالک قرار دینا اور سی بی ایس ای کے کنٹریکٹ دلوانے کا الزام مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔
کے ٹی آر کا کہنا تھا کہ ایک اعلیٰ آئینی عہدے پر فائز شخص کو بغیر ثبوت ایسے الزامات نہیں لگانے چاہئیں اور یہ سب ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ مدت کے اندر چیف منسٹر معافی نہیں مانگتے تو ان کے خلاف دیوانی اور فوجداری کارروائی کے ساتھ ہتکِ عزت کا مقدمہ بھی دائر کیا جائے گا۔



