نیشنل

پاکستانی خاتون سے شادی۔سی آر پی ایف جوان منیر احمد خدمات سےبرخاست

سری نگر:سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے اپنے ایک ملازم منیر احمد کو فورس سے فوری طور پر برخاست کر دیا ہے جس نے پاکستانی خاتون سے اپنی شادی کی حقیقت فورس سے چھپائی تھی۔ سی آر پی ایف کے سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اہلکار کا یہ اقدام قومی سلامتی کے لیے خطرے کا باعث سمجھا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق منیر احمد نے نہ صرف پاکستانی خاتون سے شادی کی تھی بلکہ اس کی ویزا مدت ختم ہونے کے باوجود اسے پناہ بھی فراہم کی۔ فورس نے اس عمل کو قواعد کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی غیر ملکی خاص طور پر حساس نوعیت کے تعلق رکھنے والے شخص کو غیرقانونی طور پر تحفظ دینا ناقابلِ قبول ہے۔

 

یہ انکشاف اُس وقت ہوا جب پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد حکومت نے ملک میں مقیم تمام پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس دوران منیر احمد کی اہلیہ جب پاکستان واپس جانے کے لیے اٹاری بارڈر پہنچی تو اس کے وکیل نے عدالت سے ملنے والے ریلیف کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اب وہ پاکستان نہیں جائے گی۔

 

فورس کو اسی موقع پر ملازم کی خفیہ شادی کی اطلاع ملی جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے منیر احمد کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔سی آر پی ایف نے واضح کیا ہے کہ فورس کے اصولوں کے مطابق ایسی کسی بھی سرگرمی کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا جو قومی مفاد کے خلاف ہو یا جس سے سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہو۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button