انٹرٹینمنٹ

شاہ رخ خان کے ہمشکل ابراہیم قادری کی کہانی۔کبھی دو وقت کی روٹی نہیں تھی اور آج لاکھوں میں کھیل رہے ہیں 

ممبئی: شاہ رخ خان کے ہمشکل کی طرح نظر والے ابراہیم قادری حال ہی میں ووگ انڈیا میگزین کے کور پیج پر نظر آئے۔ یہ اعزاز انہیں شاہ رخ خان جیسا دکھنے کی طویل جدوجہد کے بعد حاصل ہوا۔ تاہم یہ راستہ انہوں نے خود نہیں چُنا تھا بلکہ قسمت خود اُن کے لیے دروازے کھولتی گئی۔

 

 

ابراہیم قادری گجرات کے جوناگڑھ میں ہورڈنگ بورڈ پینٹ کر کے گزر بسر کرتے تھے۔ بچپن میں ہی اُن کے گھر والے اور دوست اکثر ان کا موازنہ شاہ رخ سے کرتے تھے مگر وہ اسے نظر انداز کرتے تھے۔تاہم ایک دن راجکوٹ میں آئی پی ایل میچ کے دوران لوگ انہیں شاہ رخ سمجھ بیٹھے اور وہاں بھگدڑ جیسا ماحول بن گیا۔ وہ دن ان کی زندگی کا موڑ ثابت ہوا۔

 

 

اس وقت ابراہیم شدید مالی مشکلات کا شکار تھے کیونکہ ڈیجیٹل ہورڈنگز کے آنے کے بعد ہاتھ سے پینٹ کیے گئے ہورڈنگز کا رواج تقریباً ختم ہو چکا تھا۔ حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ابراہیم نے بتایا”میں بمشکل دو وقت کی روٹی کا انتظام کر پاتا تھا۔”

 

صرف شکل ملنے سے لے کر ’واقعی شاہ رخ خان جیسا بننے‘ کے سفر نے ان کی زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔ اب ابراہیم پوری دنیا میں ہونے والے مختلف پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں اور ہر ایونٹ کے لیے 5 لاکھ روپے تک چارج کرتے ہیں۔ابراہیم نے مزید کہا”اتنی شہرت سے پہلے میں مالی پریشانیوں میں مبتلا تھا۔

 

 

کئی دن کام کے بغیر گزرتے تھے۔ مگر اب حالات مکمل طور پر بدل چکے ہیں۔ اب میں دن میں تین وقت کھانا کھا سکتا ہوں جب کہ پہلے دو وقت کی روٹی بھی مشکل تھی۔ سب سے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ ڈیجیٹل بورڈز نے ہماری روزی چھین لی تھی۔”

 

 

انہوں نے انکشاف کیا کہ جب وہ شاہ رخ کے ہمشکل کے طور پر ایونٹس میں جانے لگے تو شروع میں وہ شاہ رخ کی طرح بات یا ڈانس کرنا نہیں جانتے تھے۔ بعض اوقات تو انہیں ان کی موجودگی کا معاوضہ بھی نہیں ملتا تھا۔ایک بار شاہ رخ خان کے کسی مداح نے طنز کرتے ہوئے کہا”صرف شاہ رخ جیسا

 

 

دکھنا کافی نہیں ہے!ز”یہ بات ابراہیم کے دل کو لگ گئی اور وہیں سے ان کے اندر تبدیلی کا آغاز ہوا۔ انہوں نے شاہ رخ کی طرح بات چیت، اداکاری اور انداز سیکھنا شروع کیا۔ اب وہ ڈیڑھ لاکھ سے لے کر پانچ لاکھ روپے تک ہر ایونٹ کے لیے لیتے ہیں جو ایونٹ کی نوعیت پر منحصر ہوتا ہے۔

 

 

ابراہیم کا ماننا ہے کہ وہ سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ہمشکل ہیں۔ ان کا کہنا ہے”میری وجہ سے ہی شاہ رخ کے دیگر ہمشکل بھی کام حاصل کر رہے ہیں کیونکہ میں جو پیشکش ٹھکرا دیتا ہوں وہ ان کے حصے میں آ جاتی ہے۔”اسی انٹرویو میں ابراہیم نے بتایا کہ وہ کبھی شاہ رخ خان سے ملنا نہیں چاہتے اور ان کی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے وہ اکثر کامیڈی شوز کی دعوتوں کو قبول نہیں کرتے۔ان کے مطابق”ایسے شوز میں ہمارے اور شاہ رخ خان کے بارے میں مذاق اڑایا جاتا ہے اور میں ایسا نہیں ہونے دینا چاہتا۔”

 

ابراہیم نے یہ بھی بتایا کہ کبھی کبھی شاہ رخ خان جیسا دکھنا ان کے لیے نقصان دہ بھی ثابت ہوتا ہے:”جب میں کسی مال میں خریداری کے لیے جاتا ہوں تو لوگ سمجھتے ہیں کہ میں بہت امیر ہوں اور مجھ سے زیادہ پیسے لیتے ہیں۔ اس میں میرا فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہی ہوتا ہے۔”

متعلقہ خبریں

Back to top button