ویتنام میں حادثہ، تلنگانہ کے ایم بی بی ایس طالب علم کی موت

حیدرآباد _ تلنگانہ کے کمرم بھیم آصف آباد ضلع کے کاغذ نگر ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے ایک 21 سالہ ایم بی بی ایس طالب علم ویتنام میں پیش آئے سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے ۔ متوفی کی شناخت ارشید اشرت Arshid Ashrit کے طور پر ہوئی ہے جو کاغذ نگر کے مارکیٹ علاقہ میں کپڑوں کے تاجر ارشید ارجن کے فرزند تھے۔
ارشید اشرت ویتنام کے شہر "کان تھو” میں ایم بی بی ایس کے تیسرے سال کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق وہ گزشتہ صبح ایک دوست کے ساتھ 150 سی سی موٹر سائیکل پر تیز رفتاری سے سفر کر رہے تھے کہ ان کی بائیک بے قابو ہو کر ایک مکان کی دیوار سے ٹکرا گئی۔
حادثے کے نتیجے میں ارشید اشرت موقع پر ہی فوت ہوگئے، جبکہ ان کے ساتھ موجود دوسرا نوجوان شدید زخمی ہوگیا ہے۔ یہ افسوسناک خبر جیسے ہی آن کے خاندان کو ملی، گھر میں کہرام مچ گیا
متوفی کے جسدِ خاکی کو وطن واپس لانے کے لیے سفارتی سطح پر کارروائی جاری ہے۔