امیزون میں نوکریاں دلانے کے بہانے دھوکہ — عادل آباد میں خاتون گرفتار، 2.25 لاکھ روپے بٹور لئے
امیزون میں نوکریاں دلانے کے بہانے دھوکہ — خاتون گرفتار، 2.25 لاکھ روپے بٹور لئے
امیزون کمپنی میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر لوگوں سے رقم بٹورنے والی ایک خاتون کو عادل آباد پولیس پولیس نے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمہ کی شناخت 41 سالہ ہیماوتی ساکن کولی پور، عادل آباد کی حیثیت سے ہوئی ہے،
جس نے 4 افراد سے مجموعی طور پر 2 لاکھ 25 ہزار روپے وصول کیے تھے۔تفصیلات کے مطابق 28 نومبر کو متاثرہ خاتون 29 سالہ پرنالَی نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کروائی۔ متاثرہ نے بتایا کہ مئی میں اس کی ممانی سُنیتا نے اسے امیزون کمپنی میں “چیٹ پروسیسر” کی ملازمت کا لالچ دیا اور دعویٰ کیا کہ اس کے جاننے والی ایک خاتون ملازمتیں دلوا سکتی ہے۔
اسی لالچ میں متاثرہ، اس کی سہیلیاں سہیتی اور لتا بھی شامل ہوگئیں اور ملازمت کے لیے رقم دینے پر راضی ہوگئیں۔11 مئی کو انہیں نایارا پیٹرول پمپ کے قریب واقع ایک دفتر لے جایا گیا، جہاں ملزمہ ہیماوتی کو کنزیومر رائٹس آرگنائزیشن کی صدر کے طور پر تعارف کرایا گیا۔
متاثرین نے بھروسہ کرتے ہوئے رقم قسطوں میں ادا کردی۔ لیکن ملزمہ ہر بار کل، پرسوں کہہ کر بہانے بناتی رہی، اور آخرکار صاف کہہ دیا کہ “ملازمتیں نہیں ہیں، جو کرنا ہے کرلو” — جس پر متاثرین نے پولیس سے رجوع کیا۔شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرتے ہوئے پولیس نے آج ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔
ون ٹاؤن سی آئی بی سنیل کمار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کی جعلی ملازمت کے دعوؤں پر ہرگز یقین نہ کریں اور رقم دینے سے پہلے مکمل جانچ پڑتال ضرور کریں۔ مزید کہا گیا کہ اگر کوئی متاثر ہو تو بلا خوف پولیس سے فوری رابطہ کرے۔



