تلنگانہ

غفلت برتی تو تلنگانہ بھی بنگال بن جائے گا: محمد علی شبیر، مسلمانوں سے SIR عمل میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل

تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اور سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا ہے کہ اگر عوام غفلت کا مظاہرہ کریں گے تو تلنگانہ بھی مغربی بنگال جیسے حالات کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (SIR) مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے ووٹر اندراج کو یقینی بنائیں۔

 

کاماریڈی کی ودیانگر کالونی میں واقع بلال مسجد میں نمازِ جمعہ کے بعد خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ اگر BLO گھر آئے تو ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور SIR فارم ضرور بھر کر جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کا نام ووٹر فہرست میں شامل نہ رہا تو مستقبل میں مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں سے بھی محروم ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں NRC جیسے اقدامات کے ذریعے ملک میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔ اس لیے عوام کو ہوشیار رہتے ہوئے اپنے جمہوری حقوق کا تحفظ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اپنی گنگا جمنی تہذیب، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے لیے جانا جاتا ہے، اس روایت کو برقرار رکھنے کے لیے عوام کو بیدار رہنا ہوگا۔

 

اس موقع پر ڈپٹی کلکٹر و آر ڈی او کاماریڈی، ایم آر او، بلدیہ صدر اُپا رانی، محمد نعیم الدین، بلال مسجد کے صدر اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے محمد علی شبیر اور دیگر مہمانوں کی شال پوشی کر کے استقبال کیا گیا۔

 

بعد ازاں محمد علی شبیر نے SIR مہم کے سلسلے میں کاماریڈی کے تعلیمی اداروں اور ڈگری کالجوں کے ذمہ داران کا  اجلاس طلب کیا، تاکہ طلبہ اور عوام میں ووٹر رجسٹریشن سے متعلق بیداری مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اس موقع پر کاماریڈی بلدیہ کے متعدد کونسلرز بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button