حیدرآباد میں باران رحمت کیلئے نمازِ استسقاء

حیدرآباد: ریاست کے مختلف علاقوں میں جاری خشک موسم اور پانی کی قلت کے پیش نظر شہر کے مختلف مقامات پر اتوار کو بارش کے لیے نمازِ استسقاء ادا کی۔
اس موقع پر معروف علمائے کرام کی امامت میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔سعید آباد میں واقع درگاہ اُجالے شاہ پر بڑی تعداد میں لوگوں نے نمازِ استسقاء میں شرکت کی۔
نماز کے بعد بارش کے نزول، پانی کی قلت کے خاتمے اور موجودہ خشک حالات سے نجات کے لیے اجتماعی دعائیں کی گئیں۔
اس سے قبل جمعہ کے روز بارکس کے عباس اسٹیڈیم میں بھی مقامی افراد نے استسقاء ادا کی جس میں بڑی تعداد میں نمازی شریک ہوئے۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اعلان کیا ہے کہ 26 جولائی کو مانصاحب ٹینک کے ہاکی گراؤنڈ میں بھی نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا جائے گا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس اجتماعی دعا میں بھرپور شرکت کریں۔گزشتہ برسوں میں بھی خشک سالی کے دوران حمایّت ساگر کے خشک کناروں پر ہزاروں افراد نے نمازِ استسقاء ادا کی تھی اور بارش و پانی کی فراوانی کے لیے اجتماعی دعائیں مانگی تھیں۔
اسلام میں نمازِ استسقاء ایک مسنون نماز ہے جو خشک سالی یا پانی کی شدید قلت کے وقت اللہ تعالیٰ سے بارش کی دعا کے لیے ادا کی جاتی ہے۔ یہ نماز دو رکعتوں پر مشتمل ہوتی ہے اور عموماً کھلے میدان میں ادا کی جاتی ہے ۔




