ٹرینی آئی پی ایس پر ساتھی خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام۔ حیدرآباد میں واقعہ
حیدرآباد: شیوارم پلی میں واقع نیشنل پولیس اکیڈمی کے ایک انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) ٹرینی کے خلاف ایک خاتون ساتھی ٹرینی کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے اور اس پر حملہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم اودے کرشنا ریڈی پر الزام ہے کہ وہ 23 جون سے ممتاثرہ خاتون کو ہراساں کر رہا تھا۔ وہ اسے توہین آمیز پیغامات بھیجتا تھا اور دیگر ٹرینیس کے سامنے اس کے بارے میں نازیبا اور ہتک آمیز تبصرے کرتا تھا۔
شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ 9 جولائی کو ریڈی زبردستی خاتون کو اس کے کمرے میں لے گیا اس کے بال پکڑے، گلے پر چاقو رکھ کر اسے گلا گھونٹنے کی کوشش کی بعد ازاں اس کی طرف کنڈوم کے تین پیکٹ پھینکے۔
شکایت کے مطابق اس واقعے سے ایک روز قبل بھی ریڈی نے مبینہ طور پر خاتون کو نامناسب انداز میں چھونے کی کوشش کی تھی۔ اس پر یہ الزام بھی ہے کہ اس نے خاتون کی نجی ویڈیوس ریکارڈ کیں اور انہیں اس کے شوہر کو بھیج دیا
۔پولیس نے ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا کی دفعات 74 (خاتون کی عزت و عصمت مجروح کرنے کی نیت سے حملہ یا مجرمانہ طاقت کا استعمال)، 75 (جنسی ہراسانی)، 77 (جھانکنے یا خفیہ طور پر دیکھنے کا جرم)، 78 (تعاقب یا اسٹاکنگ)، 79 (خاتون کی عزت کی توہین کے ارادے سے الفاظ، اشارہ یا فعل)، 127(2) (غیر قانونی طور پر قید کرنا)،
115(2) (جان بوجھ کر جسمانی نقصان پہنچانا)، 351(2) (مجرمانہ دھمکی) کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2008 کی دفعات 66E (رازداری کی خلاف ورزی) اور 67A (جنسی نوعیت کے واضح مواد کی اشاعت یا ترسیل) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔



