تلنگانہ
راہول گاندھی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج – شبیر علی سمیت کئی کانگریسی قائدین گرفتار

تلنگانہ حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کو لوک بھون کے قریب اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ راہول گاندھی کی گرفتاری کے خلاف ٹی پی سی سی کی جانب سے منعقدہ "چلو راج بھون” احتجاج میں شرکت کے لئے جا رہے تھے۔ بعد ازاں انہیں پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔
اس موقع پر وزیر جی وویک وینکٹ سوامی، اراکین اسمبلی دانم ناگیندر، نوین کمار یادو، منڈولا سیموئیل، شنکر، کمبھم انیل کمار ریڈی، متعدد کارپوریشن چیئرمین اور کانگریس کے دیگر قائدین کو بھی پولیس نے حراست میں لیا۔
شبیر علی نے راہول گاندھی کے خلاف مرکزی حکومت کی کارروائی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جمہوری اقدار اور آئینی اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے سرکاری اداروں کا استعمال کیا جا رہا ہے، جسے کانگریس برداشت نہیں کرے گی۔




