حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش

حیدرآباد ۔تلنگانہ کے کئی مقامات بشمول حیدرآباد میں پیر کی شام اچانک بارش ہونے سے شدید گرمی سے پریشان عوام کو بڑی راحت ملی۔
حیدرآباد کے ونستھلی پورم، حیات نگر اور پدا عنبرپیٹ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ گھٹکیسر میں ژالہ باری ہوئی میدک اور سوریاپیٹ اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔
میدک شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے باعث کئی سڑکیں زیر آب آگئیں۔ گنگنی تھیٹر کے قریب پانی جمع ہونے سے ٹریفک متاثر ہوئی۔ میدک مارکیٹ یارڈ میں دھان کی بوریاں بھیگ جانے پر کسانوں نے تشویش ظاہر کی۔سوریہ پیٹ ضلع کے پالکویڈو علاقہ میں بھی تیز ہواؤں کے سبب درخت اور برقی کے کھمبے گر گئے، جس سے برقی سربراہی متاثر ہوئی۔
ادھر حیدرآباد کے بنجارہ ہلز، خیرت آباد، پنجہ گٹہ، ابراہیم پٹنم، الوال، ایل بی نگر، اپل اور مہدی پٹنم سمیت کئی علاقوں میں ہلکی تا اوسط بارش ریکارڈ کی گئی۔ اچانک موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں نے راحت کی سانس لی۔



