تحریک مسنون نکاح تلنگانہ کی جانب سے اتوار کو چوتھا اجلاسِ خاص
علماء کرام، ائمہ، خطبا و دانشورانِ دین وملت سے شرکت کی اپیل

اس وقت ملت اسلامیہ جن اہم سماجی معاشرتی و اخلاقی مسائل سے دو چار ہے ان میں ایک اہم مسئلہ مسنون نکاح کا ہے جس کو غیر شرعی غیر اخلاقی اور خود ساختہ طریقوں نے بہت زیادہ متاثر کر دیا ہے۔عقد نکاح کو مسنون طریقے پر انجام نہ دینے کی وجہ سے دن بدن ہمارا معاشرہ متعد دخرابیوں برائیوں اور کمزوریوں کا شکار ہوتا جارہا ہے کئی مسلم لڑکے اور لڑکیاں ارتداد کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔ اس لیے اس وقت اس مسئلہ کی طرف ترجیحی بنیادوں پر سنجیدگی کے ساتھ نہ صرف توجہ دینا ضروری ہے بلکہ منظم طریقے پر اپنے اپنے علاقوں میں مسنون نکاح کو عملًا نافذ کرنے کا کوئی نہ کوئی قابل عمل لائحہ عمل مرتب کرنا لازمی ہے ورنہ معاشرہ مزید نا قابل تلافی نقصانات سے دو چار ہو جائیگا۔ اسی فکر و درد کے پیش نظربتاریخ 21،جولائی 2024 بروز اتوار 11 بجے دن گلزار فنکشن ہال، مین روڈ پنجہ شاہ، حیدر آباد میں فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی دامت بر کاتہم صدر آل انڈ یا مسلم پرسنل لاء بورڈ و ناظم المعھد العالی الاسلامی، حیدرآباد کی صدارت میں تحریک مسنون نکاح تلنگانہ کی چوتھی اہم نشست منعقد کی جارہی ہے۔اجلاس ِ خاص میں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند،حلقہ تلنگانہ ڈاکٹر محمد خالد مبشر الظفر،معاون امیر حلقہ حافظ محمد رشاد الدین،امیر امارت ملت اسلامیہ تلنگانہ مولانا حسام الدین ثانی عاقل المعروف جعفر پاشاہ،مولانا احمد عبید الرحمن اطہر ندوی قاسمی کے علاوہ تمام مکاتب فکر کے علماء، ائمہ، خطباء و دانشورانِ دین وملت سے استفادہ کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں مسنون نکاح کو عملا ًنافذ کرنے کے طریقے اور اس سلسلے میں کیا کچھ کیا جا سکتا ہے غور و خوص کیا جائے گا۔ علماء ائمہ خطبا و دانشوران دین وملت سے مودبانہ التماس ہے کہ وقت کی نزاکت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس اہم اجلاس میں ضرور شرکت فرمائیں۔