ملاوٹ کا دھندا بند کرنے ریونت ریڈی کا بڑا فیصلہ – سخت قانون کی تیاری

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی کہ کھانے پینے کی اشیا اور ادویات میں ملاوٹ کی روک تھام کے لئے سخت قانون تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں، دودھ اور غذائی اشیا میں ملاوٹ کی وجہ سے عوام بیمار ہو رہے ہیں
۔چیف منسٹر نے ایم سی ایچ آر ڈی میں غذائی اشیا اور ادویات میں ملاوٹ کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتوں والی سبزیوں، سبزیوں اور دودھ کو زیادہ دن تک محفوظ رکھنے اور پھلوں کو جلد پکانے کے لئے بے دریغ کیمیکلز کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے عوام کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ کھاد اور کیڑے مار ادویات کے زیادہ استعمال کی وجہ سے زرعی پیداوار میں بھی کیمیائی اجزا کے اثرات پائے جا رہے ہیں، جس کے باعث بعض ممالک ہندوستان سے زرعی اشیا درآمد کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بازار میں نامیاتی مصنوعات کے نام پر اشیا مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں
، لیکن یہ ثابت کرنے کا کوئی مناسب نظام موجود نہیں کہ وہ واقعی نامیاتی مصنوعات ہیں یا نہیں۔ریونت ریڈی نے حکام کو ہدایت دی کہ ملاوٹ کی روک تھام کے لئے جامع قوانین رکھنے والے ممالک کا دورہ کرکے وہاں کے طریقہ کار کا مطالعہ کیا جائے اور ایک جامع رپورٹ تیار کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بل تیار کرکے اسمبلی میں تفصیلی بحث کی جائے گی اور عوام سے بھی رائے لی جائے گی۔چیف منسٹر نے ملاوٹ سے متعلق اطلاعات جمع کرنے کے لئے ٹول فری نمبر قائم کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے ملاوٹ کی روک تھام کے لئے پہلے کیور علاقے کو پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر منتخب کرنے کی تجویز پیش کی۔




